زندگی کا سفر

مصطفیٰ رشید شیروانی ،مشہور مجاہد آزادی اورصنعت کار اور ممبر راجیہ سبھا ،ٹرین کے ذریعہ الہ آباد سے دہلی جارہے تھے۔گورنر کشمیر مسٹربی کے نہرو(1909-2001) بھی انہیں کے کمپارٹمنٹ میں تھے۔ٹرین غازی آباد پہنچی تھی کہ مصطفیٰ رشید شروانی پر دل کا سخت دورہ پڑا۔قبل اس کے کہ انہیں کوئی طبی امداد پہنچے ،فوراً ہی ٹرین میں ان کا انتقال ہوگیا۔یہ  8اپریل 1981کا واقعہ ہے۔انتقال کے وقت مرحوم کی عمر 59سال تھی۔

اس طرح کے واقعات مختلف شکلوں میں ہر روز ہوتے ہیں ۔ہر دن بے شمار زندہ لوگ موت کے دروازہ میں داخل ہوجاتے ہیں ۔ہر روز لاکھوں آدمیوں کے ساتھ یہ واقعہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے مقام سے نکل کر کسی ’’دہلی ‘‘کے لیے روانہ ہوتے ہیں ۔مگر درمیان ہی میں ان کو خدا کے فرشتے پکڑ لیتے ہیں  اور ان کو ’’دہلی ‘‘کے بجائے آخرت کی منزل پر پہنچا دیتے ہیں ۔

ہرآدمی امیدوں اورتمنائوں کی ایک دنیا اپنے ذہن میںلیے ہوئے ہے۔وہ سمجھتا ہے کہ میں اپنی امیدوں کی دنیا کی طرف بڑھ رہا ہوں۔میںاپنے خوابوں والے ’’کل ‘‘کی طرف چلا جارہا ہوں۔مگر بہت جلد اسے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنی تمنائوں والی دنیا کے بجائے خداکی دنیاکی طرف بڑھ رہا تھا ،وہ دنیا کی منزل کی طرف نہیں  بلکہ آخرت کی منزل کی طرف چلا جارہاتھا۔آدمی کہاں جارہا ہے اور کہاں پہنچ رہا ہے ،مگر کسی کو اس کی خبر نہیں ۔

آدمی اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنا سب کچھ لگا دیتا ہے مگر قبل اس کے کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو دیکھ کر خوش ہو وہ خود اپنے اس مستقبل کی طرف ہانک دیا جاتا ہے جس کے لیے اس نے کوئی تیاری نہیں  کی تھی۔آدمی اپنے آرام کے لیے ایک شان دار مکان کھڑاکرتا ہے مگر ابھی وہ وقت نہیں  آتا کہ وہ اپنے خوابوں کے مکان میںسکھ چین کے ساتھ رہے کہ موت اس کے اور اس کے مکان کے درمیان حائل ہوجاتی ہے۔آدمی اپنی معاش کو بڑھاتا ہے ،وہ سمجھتا ہے کہ میں عزت وترقی کی بلندیوں پر اپنے کو بٹھانے جارہا ہوں مگر بہت جلد اس کو معلوم ہوتا ہے کہ آنے والا دن اس کے لیے جس چیز کا انتظار کررہا تھا وہ ایک سنسان قبر تھی نہ کہ عزت وترقی کی رونقیں۔

خداہر دن کسی ’’دہلی ‘‘کے مسافر کو ’’قبر‘‘میں پہنچا رہا ہے۔مگر آدمی ان واقعات سے سبق نہیں  لیتا۔اس کے باوجود ہر آدمی یہی سمجھتاہے کہ وہ ’’دہلی ‘‘کی طرف چلا جارہا ہے ،قبر کی منزل اس کے لیے کبھی آنے والی نہیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom