سرسبز درخت

درخت جب بلند ہوکر فضا میں اپنی شاخیں پھیلاتا ہے اورایک ہرے بھرے وجود کی صورت میں زمین پر کھڑا ہوجاتا ہے تو وہ دیکھنے والوں کی نظر میں کتنا حسین ہوتا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنی ذات میں ایک کامل وجود ہے۔اس نے وہ سب کچھ پالیا ہے جو اسے پانا تھا ،اس نے کائنات میں اپنے لیے وہ جگہ حاصل کرلی ہے جو اسے درکار تھی۔

اس کے برعکس انسان کو دیکھیے تو انسان ایک محروم اورناکام وجود نظر آتا ہے۔یہاں پائے ہوئے لوگ بھی اندر سے خالی ہیں ۔کامیاب لوگ بھی مستقل طورپر ناکامی کے احساس سے دوچار ہیں ۔انسان اس کائنات کی اعلیٰ ترین مخلوق ہے۔وہ دوسری تمام چیزوں سے برتر اوصاف اپنے اندر رکھتا ہے۔ایسی حالت میں اس کا دوسری انواع سے پیچھے ہونا کس قدر عجیب ہے۔

ایک درخت کا دوسرے درخت سے کوئی ٹکرائو نہیں  ،جب کہ ایک انسان دوسرے انسان سے لڑتا ہے۔جس درخت سے جس پھل کی امید کی جاتی ہے وہ ہمیشہ اپنی شاخ پر وہی نکالتا ہے۔جب کہ انسان کا حال یہ ہے کہ اس سے جو امید کی جائے اس پر وہ پورانہیں  اترتا۔درخت اپنے دشمن کوبھی سایہ دیتا ہے اور اپنے دوست کوبھی۔جب کہ انسان اپنے دوست کے لیے کچھ ثابت ہوتا ہے اورغیر دوست کے لیے کچھ۔

اس فرق کاکوئی پراسرار سبب نہیں ۔اس کا سبب دونوں کے مطالعہ سے بہ آسانی معلوم کیا جاسکتا ہے۔اس کا سبب یہ ہے کہ درخت اوردوسری چیزیں اپنے خالق کے نقشہ پر قائم ہیں ۔اس کے برعکس انسان اپنے خالق کے نقشہ پر قائم نہیں ۔

یہ کائنات ایک مرکزی اورمجموعی نقشہ کے مطابق بنی ہے۔یہاں امن وسکون اس مرکزی اورمجموعی نقشہ سے مطابقت کے ذریعہ ہی حاصل کیاجاسکتا ہے۔یہاں کامیابی کائناتی منصوبہ سے ہم آہنگی کی قیمت ہے اورناکامی اس سے ہم آہنگ نہ ہونے کی قیمت۔

خداکی طرف سے جو پیغمبر آتے ہیں  وہ دراصل اسی خلا کو پرکرنے کے لیے آتے ہیں ۔پیغمبروں کی تعلیمات یہ بتاتی ہیں  کہ انسان کس طرح اپنے آپ کو کائنات کی مجموعی اسکیم سے ہم آہنگ کرے۔وہ کس اسلوب حیات کو اختیار کرسے کہ وہ بھی خداکی دنیا میں ایک ’’ہرابھرادرخت ‘‘بن کر کھڑاہوسکے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom