یہ بھی ممکن ہے
بیٹے نے اپنے ننھے ہاتھوں سے ماں کو مارا۔ماں نے بیٹے کو اٹھا کر سینے سے لگا لیا۔اس کا مطلب کیا ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک معاملہ جو بظاہر مارکا معاملہ تھا اس کو ماں نے محبت کا معاملہ بنادیا۔اس نے ’’برائی ‘‘کو’’بھلائی ‘‘کے خانہ میں ڈال دیا۔ اس نے ایک قابل سزاچیز کو قابل انعام قراردے دیا۔یہ واقعہ جوہر گھر میں گزرتاہے ،یہ خدا کی صفات کمال میں سے ایک صفت کی ہلکی سے جھلک ہے جو ماں کے رویہ کی صورت میں دکھائی گئی ہے۔یہ خدا کی ایک نشانی ہے جو بتاتی ہے کہ خدانے اپنی رحمتوں کے کیسے عجیب نمونے اس دنیا میں بکھیر دیے ہیں ۔شفقت کی یہ انوکھی قسم جو ماں کے اندر پائی جاتی ہے اس کو ماں نے خلق نہیں کیاہے۔اس کا خالق اللہ ہے۔پھر جو اس کا خالق ہے اس کے اندر یہ صفت کمال درجہ میںپائی جانی چاہیے۔
آدمی غیب کو نہیں جانتا ‘اس بنا پر اس کو دنیا کی زندگی میں طرح طرح کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔اس کی قوت ارادی کمزورہے ‘اس بنا پر ایسا ہوتا ہے کہ کسی سطحی جذبہ سے مغلوب ہوجاتا ہے اوربڑی بڑی غلطیاں کر بیٹھتا ہے۔آدمی کے وسائل محدود ہیں ،اس بنا پر ایسا ہوتا ہے کہ باہر کے اسباب وعوامل پر وہ قابو نہیں پاتا اورشکست کھا جاتاہے۔اس قسم کی چیزوں نے دنیا میں انسان کی زندگی کو ایک المیہ بنا دیاہے۔زمین پر چلنے والا ہر آدمی خواہ وہ کوٹھی میں ہویا جھونپڑی میں،اس احساس میں مبتلا رہتاہے کہ وہ ایک ناکام انسان ہے ، وہ جو کچھ حاصل کرنا چاہتا تھا اس کو وہ حاصل نہ کرسکا۔یہاں کا ہر انسان ایک مایوس انسان ہے ، خواہ بظاہر وہ فربہ جسم اورہنستے ہوئے چہرہ کے ساتھ کیوں نہ دکھائی دیتاہو۔
کیا اس المیہ کو طربیہ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔کیایہ ممکن ہے کہ زندگی کی منزل پر ہم اس حال میں پہنچیں کہ ہماری ناکامیاں کامیابیوں کی صورت اختیار کرچکی ہوں ،ہمارے قصور کو انعام کے خانہ میں ڈال دیا گیا ہو،ماں کی زندگی میں خدانے اپنی صفات کی جو ایک جھلک دکھائی ہے وہ اسی سوال کا ایک مثبت جواب ہے۔خدااپنے بندوں کے لیے اس سے زیادہ بڑے پیمانہ پر اس واقعہ کو رونما کرسکتاہے جوماں اپنے بچہ کے لیے بہت چھوٹے پیمانہ پر ظاہر کرتی ہے۔ماں کے رویہ کی صورت میں خدا نے دنیا میں جونشانی قائم کی ہے وہ اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ مانگنے والے کو یہ انعام بھی دیتاہے کہ — وہ اس کے ’’نہیں ‘‘کو ’’ہے ‘‘میں تبدیل کردے۔مگر ایسا انعام صرف اس شخص کے لیے مقدر ہے جو خدا کواپنی ’’ماں‘‘کادرجہ دے کر اپنے آپ کو اس کا ’’بیٹا‘‘بناچکاہو۔