شکر کی اہمیت

چارلس رشٹر (1900-1985)ایک امریکی سائنس داں ہیں ۔وہ زلزلہ کے ماہرین میں سمجھے جاتے ہیں ۔انھوں نے ایک مخصوص پیمانہ دریافت کیا ہے جو آج دنیا بھر میں زلزلہ کی پیدا کردہ طاقت کو ناپنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔اس کو رکٹر پیمانہ (Richter Scale) کہتے ہیں ۔

چارلس رکٹر نے کیلی فورنیا کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میں نصف صدی تک زلزلہ کا مطالعہ کیا ہے۔انھوں نے کہا :ان سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ زلزلہ کے خطرہ سے بچنے کے لیے آدمی کو کہاں بھاگنا چاہیے۔کیلی فورنیا میں ا س کا جواب بالکل سادہ ہے ،وہ یہ کہ کہیں  نہیں ۔امریکاکی 48ریاستوں میں زلزلہ کا سب سے کم خطرہ فلوریڈا اورساحلی ٹکساس میںہے۔مگر پھر میں سوال کروں گاکہ طوفان کے بارے میں ان کا کیا خیال ہے۔حقیقت یہ کہ ہر علاقہ کے اپنے کچھ خطرات ہیں ۔اس لیے واحد بدل یہ ہے کہ آدمی کسی دوسرے مقام پر چلا جائے اورکسی دوسرے خطرہ کو گواراکرے(ہندستان ٹائمس، 7اکتوبر1980)۔

آدمی کا یہ مزاج ہے کہ جو کچھ اس کو ملا ہوا ہے اس پر وہ مطمئن نہیں  ہوتا اور جو کچھ نہیں  ملا ہے اس کے پیچھے دوڑتا ہے۔اسی مزاج کا یہ نتیجہ ہے کہ ہر آدمی غیر مطمئن زندگی گزارتا ہے۔کوئی بظاہر خوش نصیب آدمی جس کو لوگ قابل رشک سمجھتے ہیں  وہ بھی اندر سے اتنا ہی غیر مطمئن ہوتا ہے جتنا وہ لوگ جو اِس کو رشک کی  نظروں سے دیکھ رہے ہیں ۔ہر شخص کو کوئی نہ کوئی نعمت ملی ہوئی ہے۔مگر جس کے اندر شکر کی نفسیات نہیں  ہوتی وہ غیر حاصل شدہ نعمت کی طرف متوجہ رہتا ہے اورجو نعمت بروقت اسے حاصل ہے اس کو حقیر سمجھتا ہے۔ ایسے آدمی کے اندر اپنے خداکے لیے شکر کا جذبہ نہیں  ابھرتا۔وہ عین اسی چیز سے محروم رہ جاتا ہے جس کو اسے سب سے زیادہ اپنے سینہ کے اندر پرورش کرنا چاہیے۔

موجودہ دنیا کو خد انے اس طرح بنایا ہے کہ یہاں مکمل راحت کسی کے لیے نہیں ۔ ایک جغرافیہ کا آدمی وہاں کے مسائل سے گھبراکر دوسرے جغرافیہ میں چلا جائے تو اس کو دوسرے جغرافیہ میں پہنچ کر معلوم ہوگا کہ یہاں بھی مسائل ہیں ۔ اسی طرح اگر کم آمدنی والے کے مسائل ہیں  تو زیادہ آمدنی والے کے بھی مسائل ہیں ۔اگر بے زور آدمی کے مسائل ہیں  تو ان کے بھی مسائل ہیں  جن کو زور و قوت حاصل ہے۔ امتحان کی اس دنیا میں کسی آدمی کو مسائل سے فرصت نہیں ۔آدمی کو چاہیے کہ وہ جن مسائل کے درمیان ہے ان کو گوارا کرتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھے۔اس کی توجہات کا مرکز خداکی رضا حاصل کرنا ہونہ کہ مسائل سے پاک زندگی کا مالک بننا ،کیونکہ وہ تو آخرت سے پہلے ممکن ہی نہیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom