آرزوؤں کی دنیا

جنت کا انکاراپنے آپ کا انکار ہے۔جو شخص جنت کو نہیں  مانتا وہ خود اپنی نفی کر رہا ہے۔ جو شخص جنت کو مانتا ہے مگر ٍاس کے لیے عمل نہیں  کرتا وہ ایسا خریدار ہے جو ایک چیز خریدنا چاہتا ہے۔ مگر اس کی قیمت دینے کے لیے تیا ر نہیں ۔

ہر انسان سب سے زیادہ کیا چاہتا ہے۔ہر انسان کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ وہ اپنے خوابوں کی دنیا کو پاسکے۔ وہ ابدی طور پر جیتا رہے۔ وہ اپنی تمام آرزئوں کی تکمیل کر سکے وہ ایسی زندگی کا مالک بنے جو ہر قسم کی محدودیت(Limitations) اور ناخوشگواری (Disadvantage) سے خالی ہو۔

یہ آدمی کی سب سے بڑی تمنا ہے۔ہرآدمی اپنی اس تمنا کی تکمیل کے لیے دوڑ رہا ہے۔ مگر کوئی بھی آدمی اپنی اس تمنا کو پورا نہیں  کر پاتا۔آدمی اپنی صحت بناتاہے مگر بہت جلد اس کی صحت کسی حادثہ یا بڑھاپے کا شکار ہو جاتی ہے۔آدمی دولت جمع کرتاہے مگر دولت اس کے قلب و دماغ کو سکون نہیں  دیتی۔وہ اقتدار پر قبضہ کرتا ہے مگر اقتدار صرف اس کے مسائل میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ وہ عیش و عشرت کے سامان اکٹھا کرتا ہے مگر جلد ہی وہ اکتا ہٹ (Boredom)کا شکار ہو جاتا ہے۔

ہر آدمی اپنے لیے ایک جنت کی تعمیر میں لگا ہوا ہے۔مگر وہ اپنی جنت بنا نہیں  پاتا کہ اس کی موت آجاتی ہے۔وہ اپنی تمام آرزئوں اور تمنائوں کو لیے ہوئے دنیا سے چلا جاتا ہے۔

آدمی موت کے بعد کہاں جاتا ہے۔وہ وہاں جاتا ہے جہاں اس کے خوابوں کی جنت بنی ہوئی ہے۔ مگر یہ جنت اس شخص کو ملتی ہے جس نے موت سے پہلے والی زندگی میں اس کی قیمت ادا کی ہو۔ جو شخص موجودہ دنیا میں جنت کی قیمت ادا نہیں  کر تا وہ گویا اسی چیز کی محرومی کا خطرہ مول لے رہا ہے جس کو وہ سب سے زیادہ پانا چاہتا ہے۔

جنت ہماری آرزئوں کا محل ہے۔ مگر جنت صرف اس شخص کے حصہ میں آتی ہے جس نے اس کو آخرت میں تعمیر کیا ہو۔ جو شخص اپنی جنت موجودہ دنیا میں تعمیر کرے اس کے لیے ابدی محرومی کے سوا کچھ اور نہیں ۔

کیسی عجیب ہے وہ محرومی جب کہ آدمی عین اِسی چیز سے ابدی طور پر محروم ہو جائے۔ جس کے لیے وہ ساری عمر سب سے زیادہ آرزومند بنا ہوا تھا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom