مومن کا ذہن

ایک روز کا واقعہ ہے۔میں انگریزی اخبار پڑھ رہا تھا۔اچانک مجھ پر ایک عجیب تجربہ گزرا۔مجھ کو محسوس ہواکہ کاغذ پر چھپے ہوئے انگریزی زبان کے الفاظ کو میں اردو زبان میں سمجھ رہا ہوں۔میری آنکھ اگرچہ ان کو انگریزی زبان میں پڑھ رہی ہے مگر میراذہن ان کو اردو زبان میں لے رہا ہے۔

یہی ہر شخص کا معاملہ ہے ،خواہ وہ اردوکا آدمی ہویاکسی دوسری زبان کا۔آدمی کسی بات کو ہمیشہ اپنی مادری زبان میں سمجھتاہے۔کان یاآنکھ کے راستہ سے بظاہر آدمی کے اندر ٹیبل کالفظ داخل ہوتا ہے۔مگر اردو کا ایک آدمی ٹیبل کو صرف اس وقت سمجھ پاتا ہے جب کہ اس کا ذہن اس کو میز میں تبدیل کرلے۔اسی طرح انگریزی کا ایک آدمی جب میز کا لفظ سنتا ہے تو وہ اس کو صرف اس وقت سمجھتا ہے جب کہ اس کاذہن اس کو ٹیبل کی صورت میں ڈھال لے۔انسانی ذہن کے اندر ایک اجنبی زبان کا لفظ داخل ہوتا ہے۔اس کے بعد ایک حیرت ناک واقعہ ہوتا ہے۔ذہن اس کوایک انتہائی پیچیدہ نظام سے گزار کر پراسرار طورپر اس کو اپنی مادری زبان میں تبدیل کرلیتا ہے۔

یہ واقعہ تمثیل کے انداز میں بتاتا ہے کہ مومن کا معاملہ اس دنیا میں کیا ہے۔مومن اس دنیا میں اس طرح رہتا ہے کہ ہر چیز جو اس کے اندر داخل ہوتی ہے وہ فی الفور خدائی حقیقت میں تبدیل ہوجاتی ہے۔باہر جو چیز ایک مادی واقعہ ہے وہ مومن کے ذہنی سانچہ میں آکر روحانی واقعہ بن جاتی ہے۔ایک معاملہ جو باہر بظاہر انسانی معاملہ تھا وہ مومن کے ذہن میں داخل ہوتے ہی خدائی معاملہ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ ایک دنیوی چیز مومن کے ذہن میں پہنچ کر اخروی چیز کی صورت اختیار کرلیتی ہے۔مومن کا ذہن ایک انتہائی پیچیدہ کارخانہ ہے جو ہر واقعہ کو ربانی واقعہ میں تبدیل کردیتا ہے۔

اس خدائی کا رخانہ میں ہروقت ایک عظیم عمل جاری رہتا ہے۔اس کے اندر ’’خام مال‘‘داخل ہوتا ہے اوروہ ’’تیارمال‘‘بن کر باہر آتا ہے۔ایک بظاہر بے معنی چیز اس سے گزرکر ایک انتہائی بامعنی چیزکی صورت میں ڈھل جاتی ہے۔وہ شخص مومن ہے جس کا وجود اس قسم کا ایک ربانی کارخانہ بن جائے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom