زلزلہ درکار ہے

خدا کی جنت جتنی نفیس ہے اتنی ہی بڑی قیمت اس کی ادا کر نی پڑتی ہے۔جنت صرف ان حوصلہ مندوں کے لیے ہے جو بھونچال کی قیمت پر اس کو حاصل کرنے کے لیے راضی ہوجائیں۔جنت کو پانے کے لیے آدمی کو ایسے کٹھن مرحلہ سے گزرنا ہوتاہے جس کوانسانی زبان میںصرف زلزلہ سے تعبیر کیاجاسکتاہے۔

جو آدمی آخرت کی ابدی جنت کا طالب ہواس کو سب سے پہلے اپنی ذات کے اندر زلزلہ لاناہے۔جس طرح ایٹم کے مجموعہ میں بے پناہ طاقت چھپی ہوتی ہے۔مگر یہ طاقت اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب کہ ایٹم کو توڑا جائے۔یہی معاملہ انسان کا ہے۔ہر آدمی کے اندر ایک عظیم ربانی انسان چھپا ہواہے۔موجودہ امتحان کی دنیا میں آدمی کااصل کام یہ ہے کہ وہ اپنی ذات میں ایک انفجار برپاکرے۔تاکہ اس کے اندر چھپا ہواربانی انسان باہر آسکے۔

ہر آدمی اصلاً فطرت خداوندی پر پیداہوتاہے۔مگر ماحول ،روایات ،خواہشات اور اس طرح کے دوسرے اسباب اس کے اوپر تہ بہ تہ پردے ڈال دیتے ہیں ۔آدمی ایک مصنوعی غلاف میں بند ہوکر رہ جاتاہے۔جس کے تحت وہ سوچتاہے اورجس کے مطابق وہ جیتا ہے۔اسی مصنوعی پردہ کو پھاڑنے میں انسان کی تمام ترقیوں کا راز چھپا ہواہے۔اپنے ذہنی سانچہ کو توڑنا بلا شبہ اس دنیا کا مشکل ترین کام ہے۔مگر اسی مشکل ترین کام میں خدانے تمام انسانی سعادتوں کارازچھپا دیاہے۔

قرآن کے الفاظ میں انسان جب اپنے شاکلہ کو توڑتاہے تو اس کاشاکلہ خد اکے شاکلہ کے ہم سطح ہوجاتاہے۔اس کی ربانی فطرت جاگ اٹھتی ہے۔وہ براہ راست خدائی فیضان کی زدمیں آجاتاہے۔وہ محدودیت کی دنیا سے نکل کر ابدیت کی دنیا میں داخل ہوجاتاہے۔ اس کی سوچ خدائی سوچ بن جاتی ہے۔اس کا اخلاق خدائی اخلاق کے ہم رنگ ہوجاتاہے ،جس طرح بیج کے اندر ایک شاداب درخت چھپاہواہے۔مگر یہ درخت اسی وقت ظہور میں آتاہے جب کہ بیج ٹوٹے اوراپنے کو فنا کرنے کے لیے تیار ہو۔اسی طرح ہر آدمی کے اندر ایک ربانی انسان چھپاہواہے جو جنت کی حسین دنیا کا باسی بن سکے۔مگر اس چھپے ہوئے انسان کا وقوع میں آنا اسی وقت ممکن ہوتاہے جب کہ انسان اپنے اندر ایک زلزلہ پیداکرنے کے لیے تیار ہو۔وہ مصلحتیں اورمحبوبات جن کو بچانے کے لیے آدمی اپنا سب کچھ لگادیتاہے انہیں مصلحتوں اورمحبوبات کا ٹوٹنا جنت کے دروازہ کا کھلنا ہے۔مگر اکثر لوگ اس کو نہیں  جانتے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom