حق کی دعوت
آج کل ہر آدمی دعوت حق کا نام لیتا ہے مگر دعوت حق ابھی تک وجود میں نہیں آئی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ جو کچھ کہتے ہیں وہ اس کی قیمت ادا کرنا نہیں چاہتے۔ہر چیز کی ایک کی قیمت ہوتی ہے اوردعوت حق کی بھی ایک قیمت ہے۔جب تک وہ قیمت ادا نہ کی جائے دعوت حق کبھی وجود میں نہیں آسکتی۔
حق کی دعوت دینے کی لازمی شرط یہ ہے کہ غیر حق کو چھوڑدیا جائے — خدا کی بڑائی بیان کرنے کے لیے اٹھنا اورانسانوں کی بڑائی میں گم رہنا ،آخرت کاداعی بننا اوردنیا کے مفادات کے لیے قوموں سے کش مکش کرنا ،ابدی مسائل کی بات کرنا اوراسی کے ساتھ وقتی مسائل میں الجھے رہنا ،یہ سب تضاد کی باتیں ہیں اورجو لوگ اپنے اندر تضاد لیے ہوں وہ کبھی حق کے داعی نہیں بن سکتے۔
اس قسم کا ہر واقعہ بتاتا ہے کہ لوگ ’’داعی حق‘‘کا ٹائٹل لینے کے لیے تو دوڑ پڑے ہیں مگر وہ اس کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیارنہیں ۔
لوگوں کو اپنی مفروضہ شخصیتیں اتنی زیادہ محبوب ہیں کہ ان پر ادنیٰ تنقید سننا بھی انہیں گوارانہیں ۔لوگوں کو اپنے دنیا کے مفادات اورمصلحتوں سے اتنی دلچسپی ہے کہ وہ ان کو کسی حال میں چھوڑنا نہیں چاہتے۔جو قومیں اسلام کے پیغام رحمت کی مخاطب ہیں ان سے وہ قومی اورمادی لڑائی چھیڑ کر انہیں اسلام سے بدکائے ہوئے ہیں ۔اس قسم کی چیزوں کے ساتھ حق کی دعوت کا نام لینا صرف یہ ثابت کرتا ہے کہ آدمی حق کی دعوت کے معاملہ میں سنجیدہ نہیں ۔
حق کی دعوت ابدی صداقتوں کی دعوت ہے۔حق کی پکار خدااورآخرت کی پکار ہے۔یہ ایک نہایت نازک کام ہے جس کے ساتھ کوئی دوسرا کام جمع نہیں ہوسکتا۔
حق کا داعی لوگوں کو موت اورقیامت کے بھیانک مسئلہ سے آگاہ کرتا ہے۔اس کو ہر واقعہ میں آخرت کی تصویر دکھائی دیتی ہے۔وہ گرمی کی شدت دیکھتا ہے تو اس میں اس کو نارجہنم کی شدت دکھائی دیتی ہے۔ اس کو معاشی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے تو وہ بھی اس کو آخرت کی تکلیف یاد دلانے والا بن جاتا ہے۔وہ لوگوں کو ’’ظلم ‘‘کے خلاف چیختے ہوئے دیکھتا ہے تو کہتا ہے کہ لوگو،اس دن کو یاد کروجب تمہارے پاس زبان بھی نہ ہوگی کہ تم بولواورپانی کا ایک گلاس بھی نہ ہوگا جس سے تم اپنے سینہ کی آگ ٹھنڈی کرو۔