یہ انسان

لوگوں کو دیکھیے تو وہ یاتو ’’ملت ‘‘کے مسائل پر باتیں کرتے ہوئے ملیں گے یا زیادہ سے زیادہ دین کے ظاہری پہلو ئوں پر۔دین کے معنوی پہلوئوں پر بات کرنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔اس کی وجہ شاید انسان کی یہ کمزوری ہے کہ وہ صرف دکھائی دینے والی چیزوں میں اپنی توجہ لگاپاتا ہے۔جو چیز دکھائی نہ دے اس میں توجہ لگانا اس کے لیے سب سے زیادہ مشکل کام رہاہے۔ماضی میں بھی اورآج بھی۔

انسان ان چیزوں کو اپنا معبود بناتا ہے جو اس کو دکھائی دیتی ہیں اورجو چیز دکھائی نہیں دیتی ، اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ کس طرح اس کو اپنا معبود بنائے۔وہ ان کاموں میں بآسانی مشغول ہوجاتا ہے جو دکھائی دیں مگر جوکام بظاہر دکھائی نہ دیتے ہوں ان میں مشغول ہونا وہ نہیں جانتا۔جو چیز محسوس طورپر سامنے موجود ہو اس کی اہمیت کو وہ خوب جان لیتا ہے مگر جو چیز محسوس طور پر اس کے سامنے موجود نہ ہو اس کو وہ اس طرح نظر انداز کردیتا ہے۔جیسے وہ اس کو جانتا ہی نہیں۔

یہ ظاہر پرستی ہی انسان کی سب سے بڑی کمزوری ہے۔اس کمزوری کا آخری اظہار وہ ہے جس کو شرک کہا جاتا ہے۔نیز اس کمزوری کا یہ نتیجہ بھی ہے کہ آدمی دین پر ایمان لانے کے باوجود دین میں ترقی نہیں کرتا۔

مشرک وہ ہے جو نہ دکھائی دینے والے خدا کو مانتے ہوئے کچھ دکھائی دینے والی چیزوں کو بھی خدا بنالے۔ملحد وہ ہے جو یہ کہہ کر سرے سے کسی خداکا اانکار کردے کہ وہ اس کو دکھائی نہیں دیتا۔یہ گمراہی کی زیادہ سنگین قسمیں ہیں۔

مگر یہاں ایک اورچیز ہے جو اپنے انجام کے اعتبار سے کم اہم نہیں۔وہ ہے ایمان کے باوجود ایمان کابے اثر رہنا۔ایسا اس وقت ہوتا ہے جب آدمی خدا پر ایمان لائے مگر وہ خدا کو دیکھ نہ سکے۔وہ خد ا کو مانے مگر اس نے گہرائی کے ساتھ اس کا ادراک نہ کیا ہو۔ وہ خدا کا معتقد ہو مگر محسوسات سے بلند ہوکر وہ خدا کو اپنا مرکز توجہ نہ بناسکے۔

مزید یہ کہ غیر محسوس خدا کو نہ پانا گویا چھپی ہوئی معنویت کو نہ پانا ہے۔ایسا شخص انھیںانسانوں کو پہچان پاتا ہے جو اپنے گرد ظاہری اشیاء کا ڈھیرجمع کیے ہوئے ہوں۔ جو انسان اپنے اندر معنویت کا خزانہ لیے ہوئے ہووہ اس کے لیے لامعلوم رہتا ہے۔خدا کو کھونے والا بالآخر معنویت کو بھی کھو دیتاہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom