خدا کی نشانیاں

ستمبر 1984ء کی سات تاریخ تھی۔میں افریقہ کے ایک پہاڑی علاقہ میں درخت کے سامنے کھڑا تھا۔یہ درخت میرے لیے نیا تھا۔اس سے پہلے میں نے اس قسم کا درخت نہیں دیکھاتھا۔

درخت اپنے پورے وجود کے ساتھ خدا کی نشانی معلوم ہورہا تھا۔اس کی ہر چیز میری نظر میں عجیب تھی ،اس کا نازک پھول ،اس کا ترشا ہوا پھل، ریاضیاتی کاریگری کے ساتھ بنی ہوئی اس کی پتیاں تمام چیزیں پکار رہی تھیں کہ وہ اپنے آپ نہیں اگ آئی ہیں بلکہ کسی بنانے والے نے ان کو بنایا ہے۔اس دنیا کا ہر درخت خدا کی صنعت گری کا نمونہ ہے۔مگر مذکورہ درخت پہلی بار میرے سامنے آیا اس لیے وہ خصوصی طورپرمیرے لیے اثر انگیز ثابت ہوا۔

افریقہ کے اس عجیب اورحسین درخت کو دیکھ کربے ساختہ میری زبان سے نکلا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ خدا نے اس دنیا میں جو چیزیں بنائیں ان میں سے ہر چیزپر اس نے یہ لکھ دیا — خدا کا بنایا ہوا:

Made by God

خدا نے چیزوں پر یہ لکھا اوراس کے بعد اپنے آپ کو لوگوں کی نظروں سے چھپا لیا۔ تاکہ لوگ مخلوق کو دیکھ کرخالق کو پہچانیں ،تاکہ غیب کے باوجود اس دنیا میں خدا کی موجودگی کو پالیں۔

ایک شخص جو مشینوں کا ماہر ہو وہ ایک مشین کو دیکھ کرکہہ دیتا ہے کہ یہ مشین روس کی بنی ہوئی ہے یا امریکاکی ،برطانیہ کی بنی ہوئی ہے یا جاپان کی۔یہی کائنات کی تمام چیزوں کا حال ہے۔ہم ایک ایسی دنیا میں ہیں جہاں بے شمار قدرتی مشینیں موجود ہیں اورہر ایک مسلسل اپنا کام کر رہی ہے۔ان ’’مشینوں ‘‘پر بظاہر ان کی ساخت کا ٹھپہ نہیں لگا ہوا ہے، مگر اپنی غیر معمولی بناوٹ اورناقابل بیان حد تک ممتاز کارکردگی کی وجہ سے وہ اپنی ساخت کا آپ اعلان ہیں۔ مخلوقات خود اپنے خالق کو بتارہی ہیں۔

کائنات کی کسی چیز کے اوپر لفظوں میں یہ نہیں لکھا ہوا ہے کہ اس کو کس نے بنایا۔مگر معنوی طورپر ہر ایک کے اوپر لکھا ہوا موجود ہے۔اگر دیکھنے والی نگاہ ہو تو آدمی ہر چیز کو دیکھ کر پکار اٹھے گا  :بلا شبہ یہ خدا کی بنائی ہوئی ہے۔کوئی دوسرا اس کو بنا نہیں سکتا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom