جھوٹی عظمت

نپولین بونا پارٹ (1769-1821)ایک فوجی افسر تھا۔ حالات سے فائدہ اٹھا کر وہ فرانس کی حکومت پر قابض ہو گیا۔1804میں اس نے فرانس کے تاعمر شہنشاہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ نپولین نے فتوحات کا سلسلہ شروع کیا۔ یہاں تک کہ انگلینڈ کو چھوڑ کر وہ پورے یورپ کا فاتح بن گیا۔ اس نے فرانس کی ایک دلکش خاتون جوزفین (Josephine)سے شادی کی۔مگر1810 میں اس نے جوزفین سے علیحدگی اختیار کر لی۔ کیونکہ وہ شہنشاہ یو رپ کا جانشین پیدا کرنے میں نا کام رہی تھی۔

اس کے بعد نپولین نے آسٹریا کے بادشاہ کی لڑکی میری لوئی (1791-1847) سے شادی کی۔ 1811 میں اس کے یہاں ایک لڑکا پیدا ہوا جس کا نام اس نے فرانسس جوزف چارلس رکھا۔نپولین خوش تھا کہ اس نے اپنی بادشاہت کا تسلسل قائم رکھنے کے لیے اپنا ایک ولی عہد پا لیا ہے۔ مگر اس کے جلد ہی بعد یہ واقعہ ہوا کہ نپولین کی سیاسی حرص نے اس کو روس سے ٹکرا دیا۔ روس کی فوجیں اگرچہ نپولین کی فوجوں کا مقابلہ نہ کر سکیں۔ تاہم روس کا جغرافیہ اس کی مدد پر آگیا۔ نپولین کی فوجیں روس کی شدید برفباری کی تاب نہ لاسکیں۔نپولین اس حال میں روس سے واپس آیا کہ اس کی فوج کا بڑا حصہ راستہ میں برباد ہو چکا تھا۔ یہ واقعہ1812 میں ہوا۔ بعد کے حالات اس کے لیے اور بھی نا موافق ثابت ہوئے۔یہاں تک کہ 1815 میں نپولین کو برطانوی فوجوں کے مقابلہ میں شکست ہوئی۔اس کو گرفتار کر کے جزیرہ سینٹ ہیلینا بھیج دیا گیا۔ یہاں 1821 میں وہ قید کی حالت میں مر گیا۔

انسان اپنی اولاد تک کے لیے عظمت کا خواب دیکھتا ہے، حالانکہ وہ خود بہت جلد بے عظمت ہو جانے والا ہے۔اس دنیا میں ہر روز کوئی نپولین بے عظمت ہو کر مر رہا ہے۔ مگر کوئی نہیں  جو اس سے سبق لے۔کوئی نہیں  جو اس کو اپنی زندگی کے لیے رہنما بنائے۔

موجودہ دنیا میں ہر انسان کو صر ف محدود موقع دیا گیا ہے۔ مگر ہر انسان اپنے لیے  لامحدود منصوبہ بناتا ہے۔ ہر شخص کی عظمت آخر کا ر یہاں خاک میں مل جاتی ہے۔ ہر دیکھنے والا اس کو دیکھتا ہے مگر کوئی اس سے سبق نہیں  لیتا۔ہر آدمی اس کہانی کو دوبارہ لکھنا چاہتا ہے جس کو اس کے پیش رونے لکھنا چاہاتھا مگر وہ اس کو لکھنے میں ناکام رہا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom