قومی ہیرو

مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے ناظم دینیات کے دفتر میں بی ایس سی کا ایک مسلمان طالب علم داخل ہوا’’یہ مسلم یوینورسٹی ہے ‘‘اس نے پر جو ش انداز میں کہنا شروع کیا۔’’یہاں آپ دینی امور کے ذمہ دار ہیں۔میں آپ کے علم میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ یہاں کی آ زاد لائبریری میں انگریزی کی ایک کتاب ہے جس میں ہمارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی تصویر ہے۔آپ اس کتاب کو فوراً لائبریری سے ہٹوادیں ورنہ …‘‘۔

ناظم دینیات نے کہا’’تم جانتے ہوکہ آزاد لائبریری بہت بڑی لائبریری ہے۔ یہاں دنیا کے مختلف اداروں سے کتابیں آتی رہتی ہیں۔ایسی حالت میں یہاں ایسی کتابیں بھی آسکتی ہیںجن میں اللہ میاں کا مذاق اڑایا گیا ہو۔کیا تم ایسی سب کتابوں کو دیکھ کر مشتعل ہوتے رہوگے‘‘۔

’’سر اللہ میاں تو سب کے ہیں اوررسول اللہ تو ہمارے ہیں ‘‘(احتساب، علی گڑھ، 15مئی 1984ء)۔

مسلمان طالب علم کوکیوں خدا سب کا نظر آیا اوررسول صرف اپنا۔اس کی وجہ یہ تھی کہ اس نے رسول کو اپنا قومی ہیرو سمجھ لیا۔ہر قوم کا اپنا الگ ایک ہیرو ہوتاہے جس پر وہ دوسری قوموں کے مقابلہ میں فخر کرتی ہے۔ خدا میں اشتراک ممکن ہے مگر قومی ہیرومیں اشتراک ممکن نہیں۔یہی قومی نفسیات تھی جس کی وجہ سے مسلمان طالب علم خدا کے خلاف بات پر نہیں بھڑکا مگر رسول اللہ کے خلاف بات کو دیکھ کر بھڑک اٹھا۔

مذکورہ طالب علم کا واقعہ موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کی صحیح نمائندگی کررہا ہے۔ موجودہ زمانہ کے مسلمان کبھی ’’جشن خداوندی ‘‘نہیں مناتے۔البتہ وہ ’’جشن محمدی‘‘خوب دھوم کے ساتھ ساری دنیا میں مناتے ہیں۔اس کی وجہ یہی ہے کہ اپنی قومی نفسیات کی بنا پر انہیںخدامیں کوئی دل چسپی نہیں ہوتی۔کیونکہ خدا میں وہ اپنے لیے ذاتی فخر کاسامان نہیں پاتے۔البتہ ’’محمد‘‘تاریخی طور پر چوں کہ ان کے ہیرو یا ان کا قومی فخر بن چکے ہیں۔ اس لیے ان کے نام پر خوب دھوم مچاتے ہیں تاکہ اس کے ذریعہ سے اپنے پر فخر قومی جذبات کی تسکین حاصل کرسکیں۔

آج ہر طرف الحاد کا غلبہ ہے مگر مسلمانوں کے اندر یہ جوش نہیں ابھرتا کہ وہ الحاد کے فکری غلبہ کو ختم کرکے توحید کا فکری غلبہ قائم کریں۔البتہ پیغمبر کی تصویر دیکھ کر وہ فوراً بھڑک اٹھتے ہیں۔یہ یقینی طور پر ہیرو پرستی ہے نہ کہ خدا پرستی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom