ہرطرف فریب

آج کی دنیا فریب کی دنیا ہے۔آج کے انسان کو ایسے نعرے مل گئے ہیں  جن سے وہ اپنی شخصی لوٹ کی سیاست کو قومی خدمت کی سیاست ظاہر کرسکے۔ہر آدمی ایسے الفاظ کا ماہر بنا ہوا ہے جو اس کے ظلم وفسادکو عین حق وانصاف کا روپ دے سکیں۔ہر آدمی کو ایسے قانونی نکتے ہاتھ آگئے ہیں  جو اس کے جرم کو بے گنا ہی کا سرٹیفکیٹ عطا کردیں۔

یہ دنیا پرستوں کا حال ہے۔مگر خدا پرستوں کا معاملہ بھی اس سے کچھ مختلف نہیں ۔یہاں بھی لوگوں نے ایسے فضائل ومسائل کا خزانہ جمع کررکھا ہے جو ان کی بے دینی کو دینی کمال کے خانہ میں ڈال دیں۔جو ان کی بے عملی کوعمل کا شان دار کریڈٹ دے دیں۔

لوگوں نے ایسا خدا دریافت کررکھا ہے جس سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ لوگوں کو ایسا رسول ہاتھ آگیا ہے جو صرف اس لیے آیا تھا کہ ان کی ساری بد اعمالیوں کے باوجود خدا کے یہاں ان کا یقینی سفارشی بن جائے۔لوگوں کو ایسی آخرت مل گئی ہے جہاں جنت صرف اپنے لیے ہے اورجہنم صرف دوسروں کے لیے۔ لوگوں کو ایسی نمازیں حاصل ہوگئی ہیں  جن کے ساتھ کبر اور حسد جمع ہوسکتا ہے۔ لوگوں کو ایسے روزے معلوم ہوگئے ہیں  جو جھوٹ اورظلم سے فاسد نہیں ہوتے۔ لوگوں کو ایسا دن ہاتھ آگیا ہے جو صرف بحث ومباحثہ کرنے کے لیے ہے نہ کہ عمل کرنے کے لیے۔ لوگوں کو اسلامی دعوت کے ایسے نسخے معلوم ہوگئے ہیں  جو ان کی شخصی قیادت اورقومی سیاست کو اسلام کا لباس اوڑھادیں۔

مگر جھوٹا سونا اسی وقت تک سونا ہے جب تک وہ کسوٹی پر کسانہ گیاہو۔اسی طرح فریب کا یہ کاروبار بھی صرف اس وقت تک ہے جب تک کہ خدا ظاہر ہوکر اپنے انصاف کی ترازو کھڑا نہ کر دے۔آج امتحان کی آزادی ہے۔آج آدمی کو موقع ہے کہ جو چاہے کرے۔مگرجب امتحان کی مدت ختم ہوگی توآدمی اپنے آپ کو بالکل بے بس پائے گا۔وہ بولنا چاہے گامگر اس کے پاس الفاظ نہ ہوگے کہ وہ بولے۔وہ چلنا چاہے گا مگر اس کے پاس پائوں نہ ہوںگے کہ ان کے ذریعہ وہ بھاگ کر کہیں  جاسکے۔

یہ سچائی کا دن ہوگا۔اس دن ہرآدمی کے اوپر سے فریب کا وہ لباس اتر چکا ہوگا جس کو آج وہ پہنے ہوئے ہے۔ہر آدمی اپنی اصل صورت میں نمایا ں ہوجائے گاجوفی الواقع اس کی ہے مگر امتحان کی آزادی سے فائدہ اٹھا کر آج وہ اس کو چھپائے ہوئے ہے۔آدمی کی یہ اصل صورت خدا کے سامنے آج بھی عریاں ہے۔مگرآخرت کی دنیا میں وہ تمام لوگوں کے سامنے نمایاں ہوجائے گی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom