غلط فہمی

حضرت موسیٰ اورحضرت ہارون نے جب فرعون مصر کے سامنے توحید کی دعوت پیش کی تو اس نے کہا کہ تم دونوں چاہتے ہوکہ زمین میں بڑائی تمھارے لیے ہو(یونس،10:78)۔

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰؑ نے اپنی دعوتی تقریر میںصرف خدا کی بڑائی بیان کی تھی پھر فرعون نے اس کو اس معنی میں کیوں لے لیا کہ موسیٰؑ اوراس کے بھائی خود اپنی بڑائی چاہتے ہیں ۔اس نے خدا کی بڑائی کی بات کو خود متکلم کی بڑائی کے ہم معنی کیوں سمجھ لیا۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ فرعون خدا کی بڑائی سے واقف نہ تھا۔وہ صرف انسان کی بڑائی کو جانتا تھا۔اس کو بس اتنی ہی خبر تھی کہ انسان بڑے ہواکرتے ہیں ۔اس کو یہ معلوم نہ تھا کہ خداسب سے بڑاہے۔

ایسے لوگوں کی طرف سے دعوت حق کا رد عمل ہمیشہ اسی شکل میں ہوتا ہے۔وہ خدا کی بڑائی سے واقف نہیں  ہوتے۔اس لیے داعی جب خدا کی بڑائی بیان کرتا ہے تو وہ اس کو اس کے سوا کسی اورمعنی میں نہیں  لے پاتے کہ داعی خود اپنی بڑائی بیان کررہا ہے۔

وہ بے آمیز سچائی کو نہیں  جانتے۔وہ صرف اس سچائی سے آشنا ہوتے ہیں  جس کے اوپر ان کی محبوب شخصیتوں کی مہر لگی ہوئی ہو۔ اس لیے داعی جب ان کے سامنے بے آمیز سچائی بیان کرتا ہے جس کے اوپر خدا کی مہر لگی ہوئی ہوتو اس کو وہ پہچان نہیں  پاتے۔اس کو وہ داعی کے اپنے احساس برتری پر محمول کرکے نظر انداز کردیتے ہیں ۔

وہ برتر صداقت سے آشنانہیں ہوتے۔وہ صرف اس صداقت کو جانتے ہیں  جو ان کے قومی تقاضوں کے ساتھ لپٹی ہوئی ہو۔اس لیے داعی جب برتر صداقت کا اعلان کرتا ہے تو اس کو سن کر وہ متوحش ہوجاتے ہیں ۔ان کی سمجھ میں نہیں  آتا کہ ایسی بھی کوئی صداقت ہوسکتی ہے جو ان کے قومی عزائم سے الگ اپنا وجود رکھتی ہو۔

ایسے لوگ اپنی بے خبری کا الزام داعی کے اوپر ڈال دیتے ہیں ۔ وہ یہ کہہ کر اس کو نظراندازکر دیتے ہیں  کہ وہ کبر میں مبتلا ہے۔ وہ اپنا نام بلند کرنا چاہتا ہے۔ داعی خدا کی بڑائی کا اعلان کرتا ہے اور بے خبر لوگ یہ سمجھتے ہیں  کہ داعی خود اپنی بڑائی کا اعلان کر رہا ہے۔ داعی خدا کی ذات کمال کی حمد بیان کرتا ہے مگر بے خبر لوگ خیال کرتے ہیں  کہ وہ اپنی خودستائی میں مشغول ہے۔ داعی حق کی یکتائی پر زور دیتا ہے اور بے بصیرت لوگ گمان کرتے ہیں  کہ وہ اپنی انانیت کا اظہار کر رہا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom