چڑیا اورانسان

سالم علی (1896-1987)چڑیوں کے مطالعہ کے بہت بڑے ماہر ہیں ۔ابھی وہ صرف دس سال کے تھے کہ انہیں چڑیوں کے مطالعہ سے دلچسپی ہوگئی۔انھوں نے اپنی زندگی کا بڑاحصہ اس طرح گذارا ہے کہ ہاتھ میں دور بین ہے۔ایک کندھے سے کیمرہ لٹک رہا ہے اورچڑیوں کے مشاہدہ اورمطالعہ میں مصروف ہیں ۔کہاجاتا ہے کہ انھوں نے اس سلسلے میںجو اہرلال نہرو سے بھی زیادہ سفر کیے۔حتیٰ کہ لوگ انہیں چڑیاوالا (Birdman) کہنے لگے۔اس فن میں مہارت کی وجہ سے ان کو بہت سے ملکی اورغیر ملکی انعامات مل چکے ہیں ۔

ہندستان میں دو ہزارسے زیادہ اقسام کی چڑیاں پائی جاتی ہیں ۔سالم علی نے ان کا مطالعہ کرکے بہت سی کتابیں لکھی ہیں ۔ان کی ایک کتاب کانام (The Handbook of Indian Birds)ہے۔ یہ کتاب انھوں نے 20سال کے مطالعہ کے بعد لکھی۔

ایک اخبار کانمائندہ بمبئی میں ان کے مکان پر ان سے ملا۔اس نے سالم علی کو نہایت شریف اورمہذب انسان پایا۔اس کا خیال ہے کہ سالم علی میں یہ غیرمعمولی شرافت چڑیوں کے مطالعہ سے آئی ہے۔اس نے اپنی رپورٹ (ٹائمس آف انڈیا،25ستمبر1983)میں لکھا کہ انسان کو زیادہ انسانیت والا بنانے کے لیے غالباً یہ تجویز کیاجانا چاہیے کہ چڑیوں کے مطالعہ کوداخل نصاب کردیا جائے:

Perhaps a course in birdwatching should be recommended to make men more human.

دنیا میں بے شمار قسم کی چڑیاں اورجانور پائے جاتے ہیں ۔قدیم زمانہ کا انسان ان کے بارے میں بہت کم جانتا تھا۔مگر موجودہ زمانہ میں زمین پر پائے جانے والے مختلف جانوروں کا وسیع مطالعہ کیا گیا ہے اوران سے متعلق معلومات جمع کی گئی ہیں ۔جانوروں کے طرززندگی سے انسان کو باخبر کرنے کے لیے آج کل مختلف ذریعہ اختیار کیے گئے ہیں ۔جانور کے کھلے پارک اورچڑیاگر قائم کرنے کا مقصد یہ بھی ہے۔حتیٰ کہ اب بہت سی یونیورسٹیوں میں جنگلی جانوروں کی زندگی کے مضامین باقاعدہ نصاب میں شامل کیے گئے ہیں ۔جانوروں میں انسان کے لیے بہتر نمونے موجود ہیں ۔ہرجانور نہایت صحیح فطری زندگی گذارتا ہے۔جب کہ انسان باربار فطرت کے راستہ سے ہٹ جاتا ہے۔انسان اگر جانوروں کی تقلید کرے تو یہی اس کی نجات کے لیے کافی ہوجائے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom