ایک موت

23فروری1983کی صبح الرسالہ کے لیے بڑی درد ناک خبر لے کر آئی۔اس دن الرسالہ کے کاتب حافظ امجد علی شاہجہانپوری کا انتقال ہوگیا۔وفات کے وقت ان کی عمر تقریبا ً ستر سال تھی۔ حافظ امجد علی صاحب نے الرسالہ کی کتابت کا کام اتنی دلچسپی اورلگن کے ساتھ کیاکہ ’’الرسالہ ‘‘اور’’امجد علی صاحب‘‘دونوں ایک دوسرے کے ہم معنی بن گئے۔وہ دہلی کے اعلیٰ درجہ کے کاتب تھے۔الرسالہ کے صفحات نے ان کی خوش نویسی کے جو نمونے محفوظ کیے ہیں وہ ابھی نامعلوم مدت تک باقی رہیں  گے۔مگر لکھنے والے کا فن لکھنے والے کے ساتھ ہمیشہ کے لیے چلا گیا۔

اگر یہ کہا جائے کہ الرسالہ کی ہر اشاعت سب سے پہلے امجد علی صاحب کی نظر سے گذرتی تھی تو یہ بات بالکل صحیح ہوگی۔کیونکہ وہ الرسالہ کو صرف ’’لکھتے ‘‘نہیں  تھے بلکہ وہ اس کو ’’پڑھتے ‘‘بھی تھے۔الرسالہ کے مضامین جب انہیں کتابت کے لیے دیے جاتے تو پہلے وہ ان کا مطالعہ کرتے۔اس کے بعد ان کو لکھنا شروع کرتے۔وہ الرسالہ کے صرف کاتب نہیں  تھے،بلکہ وہ اس کے سب سے پہلے قاری بھی تھے۔

موت کی خبر ملنے کے بعد 23 فروری کی دوپہر کو جب میں ان کے گھر پہنچا تو ان کا مردہ جسم ایک چارپائی پر لٹایا ہواتھا۔میں دیر تک تاثرات کے طوفان میں انہیں دیکھتا رہا۔ وہی معصوم چہرہ تھا، مگر اب وہ خاموش ہوچکا تھا۔بظاہر وہی آنکھیں تھیں۔مگر اب وہ ہمیشہ کے لیے بند ہوچکی تھیں۔ہاتھ وہی تھا مگر اب وہ قلم پکڑنے کی طاقت سے محروم تھا۔

23فروری کو نماز ظہر کے بعد جنازہ اٹھا۔لوگ حافظ امجد علی کاجسم کاندھوں پر اٹھائے قبرستان کی طرف جا رہے تھے اورمیرے ذہن میں ایک پوری تصویر جاگ رہی تھی۔جس میں انسان اپنے آغاز سے انجام کی طرف جاتا ہوا نظر آرہا تھا۔انسان کی کہانی کیسے عجیب طورپر اس دنیا میں شروع ہوتی ہے۔اورکیسے عجیب طورپر ختم ہوجاتی ہے۔

23فروری سے پہلے امجد علی صاحب سے میرا ہر روز ساتھ تھا۔23فروری کو وہ اچانک دوسری دنیا میں چلے گئے۔جب مجھے اس کا خیال آتا ہے تو میں سوچنے لگتا ہوں کہ ہماری آج کی دنیا اورہماری کل کی دنیا میں کتنا کم فاصلہ ہے۔ایسا ہوتا ہے کہ آدمی کا ایک قدم اگر اِس دنیا میں ہے تو اس کا دوسرا قدم اُس دنیا میں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom