کوئی فرق نہیں

ایک آدمی ایک درخت کے نیچے آرام کررہا تھا۔اس کا ایک دوست ادھر سے گزرا۔اس نے پکار کر کہا ’’میرے بھائی ،تم کیوں نہیں  جاتے کہ کچھ لکڑیاں کاٹ کر لائو‘‘۔

’’کس لیے ‘‘سوئے ہوئے آدمی نے پوچھا۔

’’تاکہ تم ان لکڑیوں کو بیچ کر پیسہ حاصل کرواوراپنے لیے ایک گدھا خریدو اورپھر لکڑی کو گدھے پر لا دکر گھر گھر بیچو۔اس طرح ایک وقت آئے گا تم اورنفع کما کر ایک ٹرک خرید لوگے۔پھر تم اورترقی کروگے اورتمہارے یہاں آرہ کی مشین اوربہت سے ٹرک ہوجائیں گے ‘‘۔

’’یہ سب کس لیے ‘‘سونے والے نے دوبارہ پوچھا۔

’’تم لکھ پتی ہوجائو گے اورآرام سے رہو گے ‘‘۔

’’پھر تمہارا کیا خیال ہے ،اب میں کیا کر رہا ہوں ‘‘۔

یہ ایک واقعہ ہے کہ جو آرام ایک آدمی کو ٹھی بنا کر حاصل کرنا چاہتا ہے وہی آرام ایک آدمی درخت کے سایہ میں بھی حاصل کررہا ہے۔دیکھنے والوں کے نزدیک ضرور دونوں میں فرق ہے۔مگر خود آرام کرنے والے کے لیے دونوں میںکوئی فرق نہیں ۔بلکہ درخت کے نیچے سونے والا جس سکون میں ہے وہ کوٹھی والے کو شاید میسر نہیں ۔

ایک تاجر ایک بار مجھے اپنا نیا مکان دکھانے کے لیے لے گئے۔کافی بڑا دومنزلہ مکان تھا۔گھر کے ہر چھوٹے بڑے کے لیے الگ الگ کمرے اوراس کے ساتھ تمام ضروری سہولتیں مہیا تھیں۔سارے گھر میں قیمتی قالین بچھے ہوئے ،تمام دروازے اور کھڑکیاں خوبصورت پردوں سے ڈھکی ہوئی۔ہر کمرہ میں اعلیٰ درجہ کا فرنیچر ایسا معلوم ہوتا تھا گویا پورا گھر جدید سامانوں کی ایک نمائش گاہ ہے۔

مگر مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میںایک خوبصورت قید خانہ میں بند کردیاگیا ہوں۔یہ مکان ایک کھلی جگہ پرتھا وہ قدرت کی ہر چیز سے خالی اورقسم قسم کی مصنوعی چیزوں سے بھر اہوا تھا۔ہر طرف بجلی کی روشنی کا اعلیٰ انتظام تھا مگر سورج کی روشنی کو اجازت نہ تھی کہ وہ بند مکان میں داخل ہو۔ہر کمرہ میں ایرکنڈیشنر لگا ہوا تھا مگر قدرتی ہوا کا کہیں  گزرنہ تھا۔انسانی آرٹ کے نمونے دیوار پر تھے مگر قدرت کے آرٹ کو دیکھنے کے لیے وہاں کوئی کھڑکی کھلی ہوئی نہ تھی۔کمرہ میں میوزک کا انتظام تھا مگر باہر کے درخت پر چہچہانے والی چڑیوں کی آواز سننے کے تمام راستے بند تھے— جدید تمدن نے انسان کو قدرت سے کتنا دور کردیا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom