عجیب کرشمہ

انسان کا جسم چند مادی چیزوں سے مل کر بنا ہے پانی ،کاربن ،آکسیجن اورکچھ مزید کیمیائی عناصر۔ ظاہری تجزیہ کے اعتبار سے انسان بس اسی قسم کی چند چیزوں کا مجموعہ ہے۔ رابرٹ پیٹیسن (R. Pattison)نے انسانی جسم کے ان مادی عناصر کاحساب لگایاتو اس نے پایا کہ بازارکی شرح کے لحاظ سے ان کی کل قیمت ساڑھے چھ ڈالر ہے یعنی ہندستانی سکہ میں تقریباً ستر روپیہ۔

مگر اسی ’’ستر روپیہ‘‘کے سامان سے اللہ تعالیٰ نے ایسا انمول آدمی بنایا ہے جو اتنا قیمتی ہے کہ سکہ میں اس کی قیمت مقرر نہیں کی جا سکتی۔ ستر کھرب روپئے بھی ایک انسان کی قیمت نہیں ہوسکتے۔

انسان کے انتہائی قیمتی ہونے کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب کہ اس کا کوئی عضو اس سے چھن جائے۔ انسان کاایک ہاتھ کٹ کراس سے جداہوجائے تواربوں ڈالر ادا کر کے بھی دوبارہ ویسا ہاتھ اس کو نہیں مل سکتا۔انسان کی آنکھ اگربے نور ہو جائے تو ساری دنیا کی دولت بھی اس کو وہ آنکھ نہیں دے سکتی جس سے وہ دوبارہ دیکھنے لگے۔ انسان کی زبان اگر جاتی رہے تو کوئی بھی قیمت ادا کرکے وہ بازار سے ایسی چیز نہیں پا سکتا جس سے وہ بولے اوراپنے خیالات کا اظہار کرسکے۔

کیسی عجیب ہے خدا کی کاریگری کہ وہ بے قیمت چیزوں سے انتہائی قیمتی چیز بناتا ہے۔ وہ مردہ چیز کو زندہ چیز میں تبدیل کرتا ہے۔ وہ بے شعور مادہ سے باشعور مخلوق وجود میں لاتا ہے۔ وہ نہیں سے ہے کی تخلیق کرتا ہے۔

کسی جادوگر کی چھڑی سے ایک پتھرکوئی آواز نکالے تواس کو دیکھ کرسارے لوگ حیران رہ جائیں گے۔مگر خدا بے شمار انسانوں کو مادّہ سے بنابنا کر کھڑاکر رہا ہے۔اور وہ نہایت بامعنی الفاظ میں کلام کررہے ہیں۔ مگر اس کو دیکھ کر کسی پر حیرانی طاری نہیں ہوتی۔کیسے اندھے ہیں وہ لوگ جن کو جادو گر کے کرشمے دکھائی دیتے ہیں، مگر خداکے کرشمے دکھائی نہیں دیتے۔کیسے بے عقل ہیں وہ لوگ جو جھوٹے کرشمے دکھانے والوں کے سامنے سراپا عقیدت مندبن جاتے ہیں ،مگر جو ہستی سچے کرشمے دکھارہی ہے اس کے لیے ان کے اندر عقیدت ومحبت کا جذبہ نہیں امنڈتا۔

حقیقت یہ ہے کہ انسان اگر خدا کو پالے تو وہ اس کے کمالات میں گم ہوجائے۔ خداکے سواکسی دوسری چیز کا اس کو ہوش نہ رہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom