دنیا کی خاطر عمل کرنے والے

لوگ خوش اخلاق ہیں ۔وہ ہدیے دیتے ہیں  اوردعوتیں کرتے ہیں ۔وہ دوسروں کے کام آنے کے لیے دوڑتے ہیں ۔وہ دوسروں کے مسئلہ کواپنا مسئلہ بناتے ہیں ۔وہ غمی کے موقع پر اظہار درد کے لیے پہنچتے ہیں  اورخوشی کے موقع پر مبارک باد دینے کے لیے حاضر ہوتے ہیں ۔وہ اختلاف کے باوجود اختلاف کو بھول جاتے ہیں  اورشکایت کے باوجود شکایت کو پی جاتے ہیں ۔

لوگ خوش ہیں  کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں ۔وہ ویسے ہیں  جیسا کہ انہیں ہوناچاہیے۔

مگر لوگوں کی یہ خوش معاملگی کس کے ساتھ ہے۔صرف ان لوگوں کے ساتھ جن سے ان کا کوئی فائدہ وابستہ ہے۔جن سے انہیں امید ہے کہ وہ وقت پر ان کے کام آسکتے ہیں ۔جن سے وہ ڈرتے ہیں ۔جن کے زورقوت کا رعب ان کے اوپر چھایا ہوا ہے۔جن سے کٹ کروہ سمجھتے ہیں کہ سارے لوگوں سے کٹ جائیں گے،جن سے جڑکر وہ سمجھتے ہیں  کہ سارے لوگوں سے جُڑ ے رہیں  گے۔

لوگوں کی یہ خوش اخلاقی تمام ترمفاد پرستانہ خوش اخلاقی ہے۔اس کا راز اس وقت معلوم ہوجاتا ہے جب کہ معاملہ ایسے شخص سے پڑے جس کے ساتھ خوش اخلاقی برتنے کے لیے مذکورہ محرکات میں سے کوئی محرک موجود نہ ہو۔ایسے موقع پر اچانک وہی آدمی بالکل بد اخلاق بن جاتا ہے جو اس سے پہلے نہایت خوش اخلاق دکھائی دے رہا تھا۔

اب اس کو یہ شوق نہیں ہوتاکہ وہ سلام میں پہل کرے۔اب وہ اپنی دعوتوں میں اس کوبلانا بھول جاتا ہے۔اب وہ اس کی مشکلوں میںکام آنے کے لیے نہیں  دوڑتا۔ اب وہ معمولی شکایت پر بگڑکر بیٹھ جاتا ہے۔ اب اس کو یہ ضرورت محسوس نہیں  ہوتی کہ اس کے جذبات کی رعایت کرے۔ دنیوی فائدہ کے لیے اخلاق دکھانے والا آدمی اس وقت بے اخلاق ہوجاتا ہے جب کہ اس میں کوئی دنیوی فائدہ نظر نہ آتا ہو۔

لوگوں کوجاننا چاہیے کہ اس قسم کی خوش اخلاق اورانسانیت کی خداکے نزدیک کوئی قیمت نہیں ۔وہ کسی آدمی کو جہنم کی آگ سے بچانے والی نہیں  خواہ وہ کتنی ہی زیادہ بڑی مقدار میں آدمی کے اندر پائی جارہی ہو۔خداکے ہاں جو کچھ بدلہ ہے صرف اس عمل کاہے جو خالص خداکی رضا اورآخرت کی نجات کے لیے کیاگیاہو۔اورجو عمل دنیا میں اپنا معاملہ درست رکھنے کے لیے کیا جائے اس کا خدا کے یہاں کوئی بدلہ نہیں ۔ایسے اعمال لے کر خدا کے یہاں پہنچنے والوں سے خدا کہہ دے گا — تم نے جوکچھ کیا وہ اپنی دنیا کے لیے کیا۔تم دنیا میں اس کا بدلہ پاچکے۔اب آخرت میں تمہارے لیے اس کے بدلے میں کچھ نہیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom