تضادختم ہوگیا

میں آبادی سے دورایک پہاڑ کے کنارے کھڑاتھا۔سرسبز درخت میرے سامنے پھیلے ہوئے تھے۔چڑیوں کی بولیاں کانوں میںآرہی تھیں۔مختلف قسم کے جانور چلتے پھرتے نظر آتے تھے۔یہ دیکھ کر میرے اوپر عجیب تاثر ہوا۔کیسا عظیم اورکیسا کامل ہوگا وہ خدا جس نے اتنی بڑی دنیا بنائی اورپھر اس کو مجبور کردیا کہ وہ اس کے بتائے ہوئے نقشہ کی انتہائی پابندرہتے ہوئے حرکت کرے۔

کتنی حسین اورکتنی معصوم ہے یہ دنیا۔یہاںچڑیاں وہی آوازیں نکالتی ہیں جو ان کے خالق نے انہیںسکھایا ہے۔یہاں بلّی اوربکری بالکل اسی طرح اپنا اپنا رزق کھاتے ہیں جو پیدائشی طور پر ان کے لیے مقررکردیا گیا ہے۔ یہاں درخت عین اسی منصوبہ کے مطابق اُگتے اوربڑھتے ہیں جو ازل سے ان کے مالک نے ان کے لیے متعین کردیا ہے۔یہاں دریا ٹھیک اسی قانون کے مطابق رواں ہوتا ہے جو اس کے لیے ابدی طورپر مقدر ہے۔خدا کی کائنات انتہائی کامل مجموعہ ہے اوریہاں کی ہرچیز ادنیٰ انحراف کے بغیر عین اسی طرح عمل کرتی ہے جس کا حکم اس کے خدا نے اسے دے رکھا ہے۔

مگر انسان کا معاملہ اس سے بالکل مختلف ہے۔وہ اپنے منہ سے ایسی آوازیں نکالتاہے جس کی اجازت اس کے خدانے اسے نہیں دی۔وہ ایسی چیزوں کو اپنا رزق بناتاہے جس سے اس کے مالک نے اس کوروک رکھا ہے۔وہ اپنے سفرحیات کے لیے ایسے راستے اختیار کرتاہے جہاں کاتب ازل نے پیشگی طورپر اس کے لیے لکھ دیا ہے کہ ’’یہاں سے گزرنا منع ہے ‘‘انسان خدا کی کائنات کابہت چھوٹا حصہ ہے۔مگر وہ عظیم کائنات کے مجموعی نظام سے بغاوت کرتا ہے ،وہ خدا کی اصلاح یافتہ دنیا میں فساد برپاکرتا ہے۔

یہ خدا کی بے تضاد دنیا میں تضاد کودخل دینا ہے۔یہ ایک ہم آہنگ مجموعہ میں بےآہنگی کا جوڑلگانا ہے۔یہ ایک حسین تصویر میں بدصورتی کا دھبہ ڈالنا ہے۔یہ ایک کامل دنیا میں ناقص چیز کا اضافہ کرنا ہے۔یہ فرشتوں کی سرگرمیوں کے ماحول میںشیطان کو سرگرم ہونے کا موقع دینا ہے۔

خدا کی قدرت اوراس کے حسنِ ذوق کا ثبوت جو عظیم تر کائنات میں ہر لمحہ نظر آتاہے وہ اس گمان کی تردید کرتاہے کہ یہ صورت حال اسی طرح باقی رہے۔ خد اکی قدرت یقینا اس ظلم کی اجازت نہیں دے سکتی۔خدا کا حسن ذوق ہر گز اس کو برداشت نہیں کرسکتا۔ضروری ہے کہ وہ دن آئے جب کائنات کا یہ تضاد ختم ہو،خدا کی مرضی انسانی دنیا میں بھی اسی طرح پوری ہونے لگے جس طرح وہ بقیہ دنیا میںپوری ہورہی ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom