اندھیر اختم ہوگا

خدا کی دنیامیںانسان بظاہر ایک تضاد ہے۔ایک ایسی دنیا جہاں سورج ہر روز ٹھیک اپنے وقت پر طلوع ہوتا ہے وہاں انسان کا حال یہ ہے کہ آج ایک بات کہتا ہے ،اورکل وہ اس سے پھر جاتا ہے۔ جس دنیا میں سخت پتھروں کے اندر سے بھی پانی نکل پڑتا ہے وہاں ایک انسان دوسرے انسان کے ساتھ بدترین بے دردی کا ثبوت دیتا ہے۔جس دنیا میں اس کا چاند تمام مخلوقات کے اوپر بلا امتیاز چمکتا ہے وہاں انسان ایک کے ساتھ کچھ سلوک کرتا ہے اوردوسرے کے ساتھ کچھ۔جس دنیا کا ضمیراپنے آپ کو پھولوں کی لطافت کی صورت میں ظاہر کرتا ہے وہاں انسان کانٹوں سے بھی زیادہ برے کردار کا مظاہرہ کرتا ہے۔ جس دنیا میں ہوائوں کے جھونکے ہر طرف بے غرض خادم کی طرح پھر رہے ہیں  وہاں انسان اس طرح رہتا ہے جیسے ذاتی غرض پوری کرنے کے سوا اس کا اورکوئی مقصد ہی نہیں ۔جس دنیا میں ایک درخت دوسرے درخت کو دکھ نہیں  دیتا وہاں ایک انسان دوسرے انسان کو ستاتا ہے ،ایک انسان دوسرے انسان کو برباد کرکے خوشی کے قہقہے لگاتا ہے۔

یہ سب کچھ اس دنیا میں ہر روز ہورہا ہے مگر خدا یہاں مداخلت نہیں  کرتا ،وہ اس تضاد کو ختم نہیں  کرتا۔ مخلوقات کے آفاتی آئینہ میں خدا کتنا حسین معلوم ہوتا ہے مگر انسانی زندگی کے الم ناک گوشہ میں اس کا چہرہ کتنا مختلف ہے۔خدا کے سامنے درندگی کے واقعات آئے ہیں  مگر اس کے اندر کوئی تڑپ پیدا نہیں  ہوتی۔خدا انسانوں کو ذبح ہوتے ہوئے دیکھتا ہے مگر اسے اس کی کوئی پروانہیں  ہوتی۔وہ کائنات کے سب سے زیادہ حساس باسیوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کا مشاہدہ کرتا ہے مگر اس کے خلاف اس کے اندر کوئی بے چینی نہیں  ابھرتی۔کیا خدا پتھر کی مورتی ہے ،کیا وہ ایک انتہائی کامیاب اسٹیچو ہے جو سب کچھ دیکھتا ہے مگر اس کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار نہیں  کرتا۔

اس سوال نے ہر زمانہ کے سوچنے والوں کو سب سے زیادہ پریشان کیا ہے۔مگر یہ سوال صرف اس لیے پیدا ہوتا ہے کہ مخلوقات کے بارے میں ہم خالق کی حکمت کو ملحوظ نہیں  رکھتے۔خالق کی اسکیم میں دنیا دار الا متحان ہے مگر ہم اس دارالجزا کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔جو کچھ کل کے دن پیش آنے والا ہے اس کو ہم چاہتے ہیں  کہ آج ہی کے دن ہماری آنکھوں کے سامنے آجائے۔

جس طرح ہر روزرات کے اندھیرے کے بعد سورج کی روشنی پھیلتی ہے اسی طرح لازماً یہ بھی ہونے والا ہے کہ زندگی کا اندھیر اختم ہو۔ظالم اورمظلوم ایک دوسرے سے الگ کیے جائیں۔سرکش انسانوں کی گردنیں توڑی جائیں اورسچے انسانوں کو ان کی سچائی کا انعام دیا جائے۔یہ سب کچھ اپنی کامل ترین صورت میں ہوگا ،مگر وہ موت کے بعد ہوگا نہ کہ موت سے پہلے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom