کچھ کام نہ آئے گا

ایک صاحب سے بات ہورہی تھی۔20سال پہلے وہ معمولی مکینک تھے۔اب وہ تقریباً دودرجن مشینوں کے مالک ہیں ۔ان کے کئی کارخانے چل رہے ہیں ۔میں نے ایک ملاقات میں کہا:آپ نے ماشاءاللہ اپنے کاروبار میں ترقی کی ہے۔انھوں نے خوشی اوراعتماد کے لہجہ میں جواب دیا:اتنی کمائی کرلی ہے کہ بچے کچھ نہ کریں تب بھی وہ سو سال تک آرام سے کھاتے رہیں  گے۔

یہ ایک انتہائی مثال ہے۔تاہم موجودہ زمانہ میں ہر آدمی کا یہی حال ہورہا ہے۔ہر آدمی اپنے اپنے دائرہ میں یہی یقین لیے ہوئے ہے کہ اس نے اپنے معاملات کو درست کرلیا ہے۔اسے اب کسی خطرہ کی ضرورت نہیں ۔کم از کم ’’سو سال ‘‘تک تو بالکل نہیں ۔

کوئی اپنے بڑوںکوخوش کرکے مطمئن ہے۔کسی کو یہ فخرہے کہ اس نے اپنے قانونی کاغذات کو پکا کرلیا ہے۔کسی کو اپنے قابل اعتماد ذریعہ معاش اوراپنے بینک بیلنس پر نازہے۔کوئی اپنے بازؤوں کی قوت اوراپنی دادا گیری پر بھروسہ کیے ہوئے ہے۔کسی کے پاس کچھ نہیں  تو جس کے پاس ہے وہ اس سے خوشامد اورمصالحت کا تعلق قائم کرکے سمجھتا ہے کہ اس نے بھی ایک چھتری حاصل کرلی ہے ،اب اس کا کچھ بگڑنے والا نہیں ۔

مگر بھونچال جب آتا ہے تو اس قسم کے تمام بھروسوں کو باطل ثابت کردیتا ہے۔ بھونچال کے لیے پکے محل اورکچی جھونپڑیوں میں کوئی فرق نہیں ۔طاقت ور اورکمزور دونوں اس کے نزدیک یکساں ہیں ۔وہ بے سہارالوگوں کو بھی اسی طرح تہس نہس کر دیتا ہے جس طرح ان لوگوں کو جومضبوط سہارا پکڑے ہوئے ہیں ۔بھونچال یہ یاد دلاتا ہے کہ اس دنیا میں آدمی کس قدر بے بس ہے۔

یہ بھونچال خدا کی ایک پیشگی نشانی ہے جو بتاتی ہے کہ ہر ایک کے لیے بالآخر کیا ہونے والا ہے۔بھونچال ایک قسم کی چھوٹی قیامت ہے جو بڑی قیامت کا پتہ دیتی ہے۔جب ہولناک گڑگڑاہٹ لوگوں کے اوسان خطا کردیتی ہے۔جب مکانات تاش کے پتوں کی طرح گرنے لگتے ہیں ۔جب زمین کا نچلا حصہ اوپر آجاتا ہے اورجو اوپرتھا وہ نیچے دفن ہوجاتا ہے۔اس وقت انسان جان لیتا ہے کہ وہ قدرت کی طاقتوں کے آگے بالکل عاجز ہے۔ اس کے لیے صرف یہ مقدر ہے کہ بے بسی کے ساتھ اپنی بربادی کا تماشہ دیکھے اوراس کے مقابلہ میں کچھ نہ کرسکے۔

قیامت کا بھونچال موجودہ بھونچال سے اربوں اور کھربوں گنازیادہ سخت ہوگا۔اس وقت سارے سہارے ٹوٹ جائیں گے۔ہر آدمی اپنی ہوشیاری بھول جائے گا۔عظمت کے تمام منارے اس طرح گرچکے ہوں گے کہ ان کا کہیں  وجودہ نہ ہوگا۔اس دن وہی سہارے والا ہوگا جس نے موجود ہ چیزوں کو بے سہاراسمجھاتھا۔اس دن وہی کامیاب ہوگاجس نے اس وقت خدا کو اپنا یاتھا جب سارے لوگ خدا کو بھول کر دوسری دوسری چھتریوں کی پناہ لیے ہوئے تھے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom