امتحان کا کام

کالج میں امتحان ہورہا تھا۔ایک طالب علم امتحان ہال میں داخل ہوا۔مگر اس نے امتحان کی کاپی پر کچھ نہیں  لکھا۔وہ بس بیٹھا ہواسگریٹ پیتا رہا اورتین گھنٹہ گزار کرباہر چلا آیا۔اس کے بعد وہ لائبریری پہنچا اوروہاں کتابوں کے درمیان بیٹھ کر پرچہ حل کرنا شروع کردیا۔امتحان ہال میں اس نے اپنی کاپی سادہ چھوڑ دی تھی مگر لائبریری میں اس نے اپنی کاپی بھرڈالی۔

آپ کہیں  گے کہ یہ فرضی کہانی ہے۔کوئی طالب علم اتنا بے وقوف نہیں  ہوسکتا کہ امتحان ہال میں پرچہ حل نہ کرے اورلائبریری میں بیٹھ کر کاپی بھرنے لگے۔اوراگر یہ واقعہ سچا ہوتو یقینا وہ کوئی ایسا طالب علم ہوگا جس کا دماغ صحیح نہ ہو۔

یہ درست ہے کہ اس قسم کی حرکت کوئی پاگل طالب علم ہی کرسکتا ہے۔مگر دنیا کے امتحان کے معاملہ میں جوبات لوگوں کواتنی عجیب معلوم ہوتی ہے ،آخرت کے معاملہ میں ہر شخص اسی طریقہ پر عمل کررہا ہے۔ کالج کے ذمہ دار طلبہ کا امتحان جہاں لینا چاہتے ہیں  وہ امتحان ہال ہے نہ کہ لائبریری۔اسی طرح خداکے بھی امتحان لینے کے مقامات ہیں ۔مگر لوگوں کا حال یہ ہے کہ خدا نے امتحان کے جو مقامات مقرر کیے ہیں وہاں لوگ امتحان میں پورا اترنے کی کوشش نہیں کرتے۔اس کے بجائے وہ دوسرے مقامات پر خدا پرستی اوردین داری کا کمال دکھارہے ہیں ۔

خدا آدمی کے ایمان کا ثبوت دل کی انابت میں دیکھنا چاہتا ہے اورلوگ اپنے ایمان کا ثبوت کلمہ ایمان کے مخارج میںدے رہے ہیں ۔خداآدمی کی عبادت کوخشوع کے معیار پر جانچ رہا ہے اورلوگ مسائل کی پابندی میں اپنی عبادت گزاری کا ثبوت فراہم کررہے ہیں ۔خدا لوگوں کے دین کو کردار اورمعاملات کی سطح پر جانچ رہا ہے اورلوگ اشراق اور چاشت کے فضائل میں اپنی دین داری کامظاہرہ کررہے ہیں ۔خدا چاہتا ہے کہ آدمی اپنے آپ پر خدا کی حکومت قائم کرنے والا بنے اورلوگ کسی خارجی شخص کے خلاف اکھیڑ پچھاڑ کرکے حکومت خداوندی کے قیام کا کریڈٹ لینے میںمصروف ہیں ۔ خداکسی آدمی کو جہاں مظلوموںکی حمایت کرنے والا دیکھنا چاہتا ہے وہ مظلوم فرد ہے مگر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ ظلم وفساد کے اجتماعی واقعات پر تقریریں اوربیانات پیش کرکے اپنے کو مظلوموں کے حامی ثابت کرنے لگے ہوئے ہیں ۔

ہرآدمی جانتا ہے کہ کسی طالب علم کی وہ کاپی بالکل بے کار ہے جو امتحان ہال کے بجائے لائبریری میں بیٹھ کر بھری گئی ہو۔کاش لوگ جانتے کہ ٹھیک اسی طرح وہ عمل  بےحیثیت ہے جو خداکے مطلوبہ مقام کے علاوہ کہیں  اورپیش کیاگیاہو۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom