گڑھے میں پاوں

مسٹر پی ،وی وینکٹیشورن ایک سرکاری ادارہ میں چیف مارکٹنگ مینجر تھے۔29مئی 1982 کی شام کو انھوں نے دہلی کے گوپالا ٹاور میں ایک میٹنگ میں شرکت کی۔آٹھویں منزل پر اپنی میٹنگ سے فارغ ہوکر وہ دفتر سے باہر نکلے تو بجلی فیل ہوچکی تھی ،وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ لفٹ تک آئے۔ انھوں نے دیکھا کہ اس کا دروازہ کھلا ہواہے۔وہ سمجھے کہ لفٹ آئی ہے حالاں کہ لفٹ ابھی اوپر نویں منزل پر تھی۔مسٹر وینکٹیشور لفٹ کے دروازے کی طرف لپکے۔اس وقت وہ میٹنگ کے فیصلوں سے اتنا خوش تھے کہ وہ صورت حال کی نزاکت کا اندازہ نہ کرسکے۔انھوں نے اپنا ایک پائوں لفٹ کے اندر ڈال دیا۔مگر وہاں خالی تھا۔وہ اچانک آٹھویں منزل سے زمین پر آگئے۔ان کا ذاتی ڈاکٹر ان کے ساتھ تھا، مگر وہ صرف یہ خدمت انجام دے سکا کہ نیچے اتر کر ان کی لاش کو دیکھے اور ان کے مردہ ہونے کا اعلان کرے۔موت کے وقت ان کی عمر 51 سال تھی (ہندستان ٹائمس، 30مئی 1982)۔

مسٹر وینکٹیشور ایک نہایت کامیاب افسر تھے۔ حال میں ایک سرکاری جرنل میں ان کے بارے میں الفاظ چھپے تھے— ایک بہادر کارکن ،ایک مستعد اوراختراعی منتظم ،جس کے اندر میں آگ لگی ہوئی ہو اورجس کے دماغ میں نظر یات کا خزانہ ہو ،ایک ہوشیار جنرل :

A thoroughbred professional and a dashing innovative manager with fire in his belly and ideas in his mind, an astute general.

دنیا کے اعتبار سے مسٹر وینکٹیشور کا کیس ایک انوکھا کیس ہے۔مگر آخرت کے اعتبار سے ہر آدمی یہ فعل انجام دے رہا ہے ۔ہر آدمی عقل مندی اورکامیابی کے جوش میں ایسی جگہ اپنا پائوں رکھ رہاہے جو اس کو سیدھے آخرت کے گڑھے میں گرادینے والا ہے— کسی کو بے عزت کرنے والے الفاظ بولنا ،کسی کوستانے کے لیے اقدام کرنا ،کسی کے خلاف ضد اور انتقام کے تحت کارروائی کرنا ،کسی کے ساتھ ظلم اوربے انصافی برتنا ،کسی کو ناحق اپنے زور طاقت کا نشانہ بنانا ،کسی کا بے دلیل مذاق اڑانا ،یہ سب گویا ’’آٹھویں منزل ‘‘کے خالی مقام پر پائوں رکھنا ہے۔ایسا ہر اقدام آدمی کو تباہی کے نچلے گڑھے میں پہنچا دیتا ہے۔اس کے بعد نہ اس کے ساتھ اس کو بچانے والے ثابت ہوسکتے ہیں  نہ اس کی خوش فہمیاں — ہر آدمی گڑھے میں پائوں رکھ رہا ہے۔ اگرچہ بطور خود وہ سمجھتا ہے کہ وہ محفوظ تختہ پر اپنا قدم جمائے ہوئے ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom