سب چلے گئے
فیبین سو شلزم(Fabian Socialism)ایک سو سال پہلے انگلینڈ میںوجود میں آئی۔ برناڈشا(1856-1950)اوردوسرے بہت سے دانشوراس سے وابستہ تھے۔فیبین کا لفظ ایک رومی جنرل (Fabius Maximus)کے نام سے لیا گیا تھا۔ یہ لوگ غریبی اور جہالت کے خاتمہ پر زور دیتے تھے اور جبر کے بغیر سوشلزم لانے کے علمبردار تھے۔ یہ گروہ فیبین سوسائٹی(Fabian Society) کے نام سے مشہور ہوا۔
اس نظریے کو ماننے والوں میں ایک خاتون بیٹرس ویب(Beatrice Webb) بھی تھیں۔وہ اپنی ڈائری لکھتی رہتی تھیں جو ان کے بعد شائع ہو کر کافی مقبول ہوئی۔ اس ڈائری کے آخری اندراجات میں سے ایک وہ ہے جو انھوں نے 1943 کی کسی تاریخ کو لکھا تھا۔ اس میں مذکور ہ خاتون نے تحریر کیا تھا :
Everything and everyone is disappearing Churchill Roosevelt, Stalin. What an amazing happening, and well worth recording in my diary. But that also will suddenly disappear (1943).
ہر چیز اور ہر شخص غائب ہوتے جا رہے ہیں ۔ چرچل ،روزولٹ، اسٹالن، سب چلے گئے۔کیسے عجیب ہیں یہ واقعات، اور کس قدر زیادہ میری ڈائری میں لکھے جانے کے قابل، مگر وہ بھی اچانک ایک روز غائب ہوجائے گی(ہندستان ٹائمس، 25دسمبر1984) ۔
کیسے کیسے انسان اس دنیا میں آتے ہیں ۔ وہ کیسے کیسے کمالات دکھاتے ہیں ۔اور پھر اچانک ایک روز اس دنیا سے چلے جاتے ہیں ، جیسے کہ ان کا یہاں آنا اور یہاں سے جانا ان کی اپنی مرضی سے نہ ہو۔ بلکہ کوئی اور ہو جوان کو یہاں لاتا ہواور پھر اپنے یک طرفہ فیصلہ کے تحت انہیں یہاں سے اٹھا لے جاتا ہو۔
اس واقعہ کی کوئی بھی با معنی توجیہ اس کے سوا نہیں ہے کہ پیغمبروں کی اطلاع کے مطابق آخرت کو مانا جائے۔ آخرت کو شامل کرنے کے بعد موجودہ دنیا کی ہر چیز با معنی ہو جاتی ہے اور آخرت کو شامل کیے بغیر موجودہ دنیا کی ہر چیز بے معنی۔