انکشاف خدا وندی

نکیتا خروشچیوف (1894-1971)نے کہا تھا’’ہمارا راکٹ چاند تک گیامگر اس کو کہیں  خدا نہیں  ملا ‘‘۔کمیونسٹ روس کے سابق صدر نے یہ بات نعوذ باللہ بطور مذاق کہی تھی۔مگر موجودہ زمانہ کے تمام سیکولر محققین پر وہ پوری طرح صادق آتی ہے۔

موجودہ زمانہ میں بہت بڑے پیمانے پر فطرت کے علوم کا مطالعہ کیا گیا ہے۔زمین سے لے کر آسمان تک کی مختلف چیزوں کی تحقیق میں بے شمار لوگوں نے اپنی عمریں صرف کردیں۔مگر ان لوگوں کی کتابیں پڑھئے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کائنات میں کہیں  ان کی خدا سے ملاقات نہیں  ہوئی۔وہ زمین سے لے کر آسمان تک سفر کرتے رہے۔مگر خداکی کوئی جھلک انہیں دکھائی نہیں  دی۔انھوں نے خاموش لہروں کے ذریعہ سفر کرنیوالی آوازوں کو پکڑ لیا۔مگر ان کے کان خدا کی آواز سے آشنا نہیں  ہوئے۔ان کی خورد بینوں اوردور بینوں نے انہیں ایسی چیزیں دکھائیں جو اس سے پہلے انسان نے کبھی نہیں  دیکھی تھیں مگر خدا کے فرشتوں سے ان کا کبھی مصافحہ نہیں  ہوا جو کائنات میں ہر طرف پھیلے ہوئے ہیں ۔

عجیب بات ہے کہ یہی واقعہ موجودہ زمانہ کے مسلم مفکر ین اورقائدین کے ساتھ بھی کسی قدربدلی ہوئی شکل میں پیش آیا ہے۔جس طرح سیکولر مفکر ین کو کائنات کا صرف ظاہر ملا ،اس کی اندرونی حقیقت انہیں نہیں  ملی۔اسی طرح مسلم مفکرین کے حصہ میں اسلام کا صرف ظاہری ڈھانچہ آیا۔وہ اسلام کی اندرونی حقیقت سے آشنا نہ ہوسکے۔

آپ ان مفکر ین کی تقریریں سنیے ،ان کی سوانح عمریاں پڑھیے۔ان کی کتابوں کا مطالعہ کیجیے۔آپ کو ان میں ہر چیز ملے گی مگروہی چیز نہیں  ملے گی جو اسلام کی اصل روح ہے — ان کے یہاں انسانوں سے ملاقات کا ذکر ہوگا مگر خدا کی کبریائی کا احساس اورخدا سے ملاقات کاکہیں  ذکر نہ ہوگا۔وہ انسانی آرٹ کی بلندی اورتاثیر سے مسحور نظر آئیں گے، مگر خدائی آرٹ کی بلندی اورتاثیر سے ان کے اندر کوئی تموج پیدا ہوتا ہو ا دکھائی نہیں دے گا۔ دنیا کے واقعات کے چرچے سے ان کی زبان وقلم گونج رہی ہوں گی مگر آخرت کے چرچے کانشان کہیں  دکھائی نہیں  دے گا۔وہ قومی مسائل اورملّی مفاخر پرولولہ انگیز تقریر کرتے ہوئے نظر آئیں گے مگر خدا کے جلال وجمال پرولولہ انگیزتقریر کبھی ان کے یہاں سنائی نہ دے گی وہ اپنی حیران کن دریافتوں کا انکشاف کریں گے۔مگر کہیں  اس کا نشان نہیں  ملے گا کہ ان پر خدا کا انکشاف ہوا اورخدا کی دریافت نے ان کے اندر ہلچل پیدا کردی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom