کامیاب زندگی

اسٹوارٹ کیلی (Stuart Kelly)اونٹار یوکا ایک ٹرک ڈرائیور تھا اس نے لاٹری کا ایک ٹکٹ خریدا۔جنوری 1984میں اس کے نتیجہ کا اعلان ہوا تو اس کو پہلا انعام ملاجو 13.9ملین ڈالر تھا۔یہ کناڈا میں ملنے والے اب تک کے تمام لاٹری انعامات میں سب سے زیادہ تھا۔

اسٹوارٹ کیلی کے یہاں کوئی اولاد نہ تھی۔اس کو اتنا بڑاانعام ملاتو اس نے کہا کہ یہ میری تمام ممکن ضرور تو ں سے بھی زیادہ ہے مگر اس کو خوشیوں کاابھی آغاز بھی نہیں  ہوا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے سب سے بڑے غم میں مبتلا ہوگیا۔انعام ملنے کے صرف تین ماہ بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کو کینسر ہوچکا ہے۔ لاٹری انعام ملنے کےسات ماہ بعد وہ مرگیا۔ اس کی عمر 57سال تھی۔وہ 35سال تک ٹرک ڈرائیور رہا اورانعام ملنے کے صرف سات ماہ بعد وہ اس دنیا سے چلاگیا۔

موجودہ دنیا میں ہر آدمی دولت چاہتا ہے تاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے لیے ایک کامیاب زندگی کی تعمیر کرے۔مگر موجودہ دنیا میں انسان کا اصل مسئلہ دولت نہیں  بلکہ اس کا مسئلہ محدودیت ہے کوئی انسان خواہ کتنی ہی زیادہ دولت اپنے لیے حاصل کرلے وہ محدودیت سے خالی نہیں  ہوسکتا۔اسی لیے کوئی شخص اس دنیا میں اپنی دل پسند زندگی بھی نہیں  بنا سکتا۔

دولت کی کوئی مقدار آدمی کو اس سے نہیں  بچاسکتی کہ وہ بیمار نہ ہو۔اس کو حادثہ نہ پیش آئے۔ایک مختصر مدت کے بعد وہ مرنہ جائے۔اورجب بیماری اورحادثہ اورموت پر انسان کو قدرت نہیں  تو اپنے لیے پسند یدہ زندگی بنانے پر وہ کیسے قادر ہوسکتا ہے۔

دولت زندگی نہیں  ہے۔دولت زندگی کا ایک وسیلہ ہے۔وسیلہ کی اہمیت ہمیشہ دوسرے درجہ کی ہوتی ہے۔زندگی ہے تو وسیلہ کی بھی اہمیت ہے۔اور اگر زندگی نہیں  تووسیلہ کی بھی کوئی اہمیت نہیں ۔مگر اکثر انسان اس فرق کو بھول جاتے ہیں ۔وہ دنیا کی دولت حاصل کرنے میں اتنا مشغول ہوتے ہیں  جیسے کہ دنیا کی دولت بذات خود مقصود ہو،جیسے کہ دنیا کی دولت ہی کا دوسرا نام زندگی ہو۔

انسان کے لیے کامیاب زندگی کا کوئی نقشہ آخرت کو شامل کیے بغیر نہیں  بن سکتا۔ انسان کو دو میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا ہے۔موجودہ دنیاکو سب کچھ سمجھ کرنا کامی کی موت مرنا یا موجودہ زندگی کو آخرت تک وسیع کرکے اپنے لیے کامیاب زندگی کا راز دریافت کرنا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom