اپنا احتساب

کھیت میں جب فصل بوئی جاتی ہے تو فصل کے ساتھ طرح طرح کے گھاس پھوس بھی اگتے ہیں ۔ گیہوں کے ہر پودے کے ساتھ ایک خود روگھاس بھی نکلتی ہے اورسرسوں کے ہر درخت کے ساتھ ایک خودرو پودابھی بڑھنا شروع ہوتا ہے۔یہ اپنے آپ نکلنے والے گھاس پھوس فصل کو بہت نقصان پہنچاتے ہیں  ،وہ کھیت کے پانی اورکھاد میں حصہ دار بن جاتے ہیں ۔وہ اصلی فصل کو بھر پورطور پر بڑھنے نہیں  دیتے۔

کسان اگر ان خودروپودوں کو بڑھنے کے لیے چھوڑدے تو وہ ساری فصل کو خراب کردیں۔کھیت میں دانہ ڈال کر کسان نے جو امیدیں قائم کی ہیں  وہ کبھی پوری نہ ہوں۔اس لیے کسان یہ کرتا ہے کہ وہ کھیت میںنرائی (weeding)کا عمل کرتا ہے۔وہ ایک ایک خودروپودے کو نکالتا ہے تاکہ کھیت کو ان سے صاف کردے اورفصل کو بڑھنے کا پورا موقع ملے۔ہر کسان جانتا ہے کہ کھیت میں دانہ ڈالنا ہی کافی نہیں ۔اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ فصل کے ساتھ اگنے والی دوسری گھاسوں کو چن چن کر نکال دیا جائے ،ورنہ کھیت سے مطلوبہ فصل حاصل نہیں  ہوسکتی۔

یہ نرائی کا عمل جو کھیت میں کیا جاتا ہے یہی انسانی زندگی میںبھی مطلوب ہے اوراس کا دینی نام محاسبہ ہے۔انسان کا معاملہ بھی یہی ہے کہ اس کو جب کوئی خوبی کی چیز حاصل ہوتی ہے تو اسی کے ساتھ ایک ’’خودرو گھاس ‘‘بھی اس کے اندر سے اگنا شروع ہوتی ہے۔اس خودرو گھاس کو جاننا اوراس کو اپنے اندر سے نکال پھینکنا انتہائی ضروری ہے۔ ورنہ آدمی کا انجام وہی ہوگا جو بغیرنلائی کیے ہوئے کھیت کا۔

کسی کو اسباب و وسائل ہاتھ آجائیں تو اس کے اندر بے جاخوداعتماد ی کا جذبہ ابھرتا ہے۔اقتدار مل جائے تو گھمنڈ پیدا ہوتا ہے۔اسی طرح دولت کے ساتھ بخل ،علم کے ساتھ فخر ،مقبولیت کے ساتھ ریا اور سماجی عزت کے ساتھ نمائش کی نفسیات پیدا ہوجاتی ہیں ۔یہ تمام چیزیں گویا خود روگھاس ہیں  جو کسی آدمی کی خوبیوںکو کھاجانے والی ہیں ۔ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ اس اعتبار سے اپنا نگراں بن جائے اورجب بھی اپنے اندر کوئی ’’خودرو گھاس‘‘اگتے ہوئے دیکھے تو اس کو اکھاڑکر پھینک دے۔جو شخص اپنے اوپر محاسبہ کا عمل نہ کرے گاوہ یقینی طورپر اس دنیامیں برباد ہوجائے گا۔وہ ایسا کھیت ہوگاجس کی فصل تباہ ہوگئی ،وہ ایسا باغ ہوگا جس کی ساری بہار خزاں میں تبدیل ہوگئی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom