انسان کا المیہ

یہ جولائی کی ایک حسین صبح تھی۔سورج ابھی نکلا نہیں  تھا مگر آسمان کی وسعتوں میں اس کی پھیلتی ہوئی روشنی بتا رہی تھی کہ وہ جلد ہی نکلنے والا ہے۔افق پر بادل کے ٹکڑوں کے پیچھے سے پھوٹنے والی سورج کی ابتدائی شعائیں عجیب رنگ برنگ منظر پیش کررہی تھیں۔ درختوں کی سرسبزی ،چڑیوں کے چہچہے اورصبح کی ہوا کے لطیف جھونکے ماحول کی رعنائی میں مزید اضافہ کررہے تھے۔میری زبان سے بے اختیار نکلا :خدا کی دنیا انتہائی حد تک با معنی ہے ،مگر وہ اس وقت انتہائی حدتک بے معنی ہوجاتی ہے جب کہ اس کے ساتھ آخرت کو شامل نہ کیا جائے۔

دنیا بے حد لذیذ ہے مگر اس کی لذتیں چند لمحے سے زیادہ باقی نہیں  رہتیں۔دنیا بے پناہ حد تک حسین ہے مگر اس کو دیکھنے والی آنکھ بہت جلد بے نور ہوجاتی ہے۔دنیا میں عزت اورخوشی حاصل کرنا انسان کو کتنا زیادہ مرغوب ہے مگر دنیا کی عزت اورخوشی آدمی ابھی پوری طرح حاصل نہیں  کرپاتا کہ اس پر زوال کا قانون جاری ہوجاتا ہے۔دنیا میں وہ سب کچھ ہے جس کو انسان چاہتاہے مگر اس سب کچھ کو حاصل کرنا انسان کے لیے ممکن نہیں ،حتیٰ کہ اس خوش قسمت انسان کے لیے بھی نہیں  جو بظاہر سب کچھ حاصل کرچکا ہو۔

انسان ایک کامل وجود ہے۔مگر اس کا المیہ یہ ہے کہ اسی کے ساتھ وہ طرح طرح کی محدودیت کاشکار ہے اوربہت سے ناموافق حالات اس کوگھیرے ہوئے ہیں  ،انسان کی زندگی کامل زندگی ہونے کے باوجود اس وقت تک بے معنی ہے جب تک اس کو ایسی دنیا نہ ملے جو ہر قسم کی محدودیت اورناموافق حالات سے پاک ہو۔

خدا نے یہ کامل اورابدی دنیا جنت کی صورت میںبنائی ہے۔مگر یہ دنیا کسی کو اپنے آپ نہیں  مل سکتی۔اس آنے والی مکمل دنیا کی قیمت موجودہ نامکمل دنیا ہے۔جو شخص اپنی موجودہ دنیا کو آنے والی دنیا کے لیے قربان کرسکے وہی آنے والی جنتی دنیا کو پائے گا۔جو شخص اس قربانی کے لیے تیار نہ ہو وہ بھی اگرچہ موت کے بعد ابدی دنیا میں داخل ہوگا۔مگر اس کے لیے یہ ابدی دنیاحسرتوں اورمایوسیوں کی دنیا ہوگی نہ کہ خوشیوں اورلذتوں کی دنیا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom