ظاہر فریبی

ایئرمارشل عبداللطیف ہوائی جہاز چلانے کا چالیس سالہ تجربہ رکھتے ہیں ۔25اگست 1981کو انھوں نے روسی ساخت کا آواز سے تیز چلنے والا لڑاکا جہاز مگ 25آزمائشی طور پر اڑایا۔آدھا گھنٹہ تک پرواز کرنے کے بعد انھوں نے جہاز کو نیچے اتارا ۔ایئرمارشل جب ہوائی جہاز سے باہر آئے تو انھوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا:

The flight made even the Himalayas look small

ہماری پرواز کے سامنے ہمالیہ پہاڑ بھی چھوٹا دکھائی دیتا تھا (ٹائمس آف انڈیا، 26اگست1981)۔

آواز سے تیز رفتار جہاز ہمالیہ کے اوپر اڑانیں بھر رہا ہو تو اس وقت جہاز کے اوپر بیٹھے ہوئے آدمی کو ہمالیہ واقعی حقیر دکھائی دیتا ہے،اوراپنی عظمت کا ایک عجیب احساس پیدا کرتا ہے مگر یہ غلط فہمی اس وقت ختم ہوجاتی ہے جب کہ جہاز ہمالیہ کی کسی چوٹی سے ٹکرا جائے۔چٹان کے معمولی ٹکرائو سے بھی فی الفور جہاز میں آگ لگ جاتی ہے اور اچانک جہاز اوراس کا مسافردونوں اس طرح راکھ کا ڈھیر بن جاتے ہیں جیسے کہ ان کی کوئی حقیقت ہی نہ تھی۔

موجودہ دنیا میں کسی کو کوئی بڑائی ملتی ہے تو وہ بہت جلد غلط فہمی میں مبتلا ہوجاتا ہے۔حالاں کہ دنیا کی ہر بڑائی ایسی ہی ہے جسے تیز رفتار ہوائی جہاز کے اوپر سے کسی آدمی کاپہاڑ کو دیکھنا۔ایسے مسافر کو بظاہر اپنی سواری عظیم معلوم ہوتی ہے۔مگر یہ ایک خیالی فریب کے سوا اورکچھ نہیں ۔حالات کا معمولی فرق بھی اس کو یہ بتانے کے لیے کافی ہوجاتا ہے کہ اس کی کوئی حقیقت نہ تھی۔

دنیا میں کسی چیز کو پانے کے لیے جن بے شمار اسباب کی موافقت ضروری ہے ان کی فراہمی کسی انسان کے بس کی بات نہیں ۔یہ صرف خدا ہے جو تمام موافق اسباب کو یکجا کرکے کسی واقعہ کو ظہور میںلاتا ہے۔تاہم اس سارے معاملہ پر ظاہری اسباب کا پردہ ڈال دیا گیا ہے۔آدمی سے یہ مطلوب ہے کہ وہ حقیقت پسندی کا طریقہ اختیار کرتے ہوئے خدا کی خدائی اوراس کے مقابلہ میں اپنی بندگی کا اعتراف کرلے۔وہ بظاہر اپنی کو ششوں سے پائے مگر اس کو خدا کی طرف سے آیا ہواسمجھے۔وہ بظاہر بڑا بنا ہواہومگر اپنے کو چھوٹا یقین کرے۔وہ بظاہر بلندی پر اڑرہاہومگر اپنے کو پستی میں اتراہوامحسوس کرے۔

آدمی کا امتحان یہ ہے کہ وہ ظاہری فریب سے گزرکر اصل حقیقت کو پالے ،یہاں کی ہر بڑائی کو جھوٹی بڑائی سمجھے۔مگر بہت کم لوگ ہیں  جو اس فریب کا پردہ پھاڑنے میں کامیاب ہوتے ہوں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom