کائنات مشین نہیں

موجودہ زمانہ میں مشینی انسان بنائے گئے ہیں جن کو عام طورپر روبوٹ (Robot) کہا جاتا ہے۔ روبوٹ بظاہر بالکل آدمی کی شکل کا ہوتا ہے۔وہ چلتا ہے، وہ بولتا ہے ،وہ کام کرتا ہے۔مگر حقیقتہً وہ ایک مشین ہوتا ہے نہ کہ کوئی شعور۔ وہ اسی طرح میکانکی انداز میں عمل کرتا ہے جیسے انسان کی بنائی ہوئی دوسری تما م مشینیں۔

لندن کے ایک دفتر میں ایک روبوٹ رکھا گیا تاکہ وہ چپراسی (office Boy)کے طور پر کام کرسکے یہ روبوٹ جب تیار ہوکر دفتر میں آیا تو دفتر کی خاتون سکرٹیری مس جینی سیف (Jennie Seff) نے اس کو آزمائشی حرکت (Trial Run)دینا چاہا۔وہ روبوٹ کی بیٹری جانچ رہی تھیں کہ روبوٹ حرکت میں آگیا۔وہ سکرٹیری کے پیچھے چلنے لگا۔ اب یہ صورت ہوئی کہ خاتون سکرٹیری آگے آگے بھا گ رہی ہیں اورآہنی مشین ان کو پیچھے سے دوڑارہی ہے۔روبوٹ اس طرح چل رہا تھا گویا اس نے کنٹرول قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس بھاگ دوڑ میں نیا ٹائپ رائٹر ٹکراکرزمین پر گر پڑا اورٹوٹ گیا۔بالآخر بڑی مشکل سے روبوٹ کو قابو میں لایا گیا(ہندستان ٹائمس، 30جون1981ء)۔

موجودہ زمانہ میں جو لوگ خدا کو نہیں مانتے ان کا کہناہے کہ کائنات اس کے سوا کچھ نہیں کہ وہ بہت بڑی مشین ہے۔وہ بس اسی طرح چل رہی ہے جس طرح کوئی ’’روبوٹ ‘‘ میکانکی طور پر چلتا ہے۔مگر کائنات کا کھرب ہاکھرب سال سے انتہائی منظم طور پر یکساں حالت میںچلنا اس مفروضہ کی تردید کررہا ہے۔اگر کائنات محض ایک میکانکی مشین ہوتی جیسے روبوٹ ،تو یقینا اس میں بار بار اسی قسم کے ٹکرائو ہوتے جیسا کہ لندن کے آفس میں مذکورہ بالا واقعہ کی صورت میں ہوا۔

قرآن میں ارشاد ہواہے :اورسورج اپنے ایک معین مدار پرگردش کرتا ہے۔یہ زبردست علیم ہستی کا مقررکیا ہوااندازہ ہے۔اورچاند کے لیے ہم نے منزلیں ٹھہرادی ہیں۔ یہاں تک کہ وہ پھر کھجور کی سوکھی شاخ کی مانند رہ جاتا ہے۔ نہ سورج کے بس میں ہے کہ وہ چاند کوجا پکڑے اورنہ رات دن پر سبقت کرسکتی۔ ہر ایک اپنے خاص دائرہ میں گردش کرتے ہیں (36:38-40)۔قرآن کا یہ بیان موجودہ زمانہ میں ایک ثابت شدہ انسانی مشاہدہ بن چکا ہے اوریہی واقعہ اس بات کے ثبوت کے لیے کافی ہے کہ یہاں ایک باشعور ہستی ہے جو کائنات کو کنٹرول کررہی ہے۔ اس کے بغیر کائنات کے اندر یہ تنظیم اور یہ باقاعدگی اتنی کامل صورت میںممکن نہ ہوتی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom