نمائشی حق پرستی

کبھی ایسا ہوتا ہے کہ پتھر کے اوپر کچھ مٹی جم جاتی ہے۔اس مٹی کے اوپر سبزہ اگ آتا ہے۔بظاہر دیکھنے میں ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے وہ کوئی کھیت ہو۔لیکن اگر زور کی بارش ہوجائے تو مٹی سمیت سارا سبزہ بہہ جاتا ہے اوراس کے بعد صرف پتھر کی صاف چٹان باقی رہ جاتی ہے جو ہر قسم کی ہریالی اورنباتات سے بالکل خالی ہوتی ہے۔

یہی معاملہ اکثر انسانوں کا ہے۔وہ دیکھنے میں بظاہر بالکل ٹھیک معلوم ہوتے ہیں ۔ظاہری طور طریق میں بہت ’’شاداب ‘‘نظر آتے ہیں ۔مگر حالات کا ایک جھٹکاان کی ساری شادابی اورہریالی کو ختم کردیتا ہے۔اس کے بعد ان کی شخصیت ایک سوکھے پتھر کی مانند ہوکر رہ جاتی ہے۔

ایک شخص جو بات چیت میں شرافت اورمعقولیت کی تصویر بنا ہواتھا وہ عملی تجربہ کے وقت اچانک ایک نامعقول انسان بن جاتا ہے۔ایک شخص جو انصاف اورانسانیت کے موضوع پر تقریر کررہا تھا وہ عمل کے موقع پر بے انصافی کا طریقہ اختیار کرلیتا ہے۔ایک شخص جو مسجد کے رکوع اورسجدہ میں تواضع کا مظاہر ہ کررہا تھا وہ مسجد کے باہر انسانوں کے ساتھ معاملہ کرنے میں گھمنڈ اورخود پسندی کا مجسمہ بن جاتا ہے۔ایک شخص جو دوسروں کو عالی ظرفی اورحقوق رسی کی تلقین کررہا ہے جب اس کا اپنا وقت آتا ہے تو وہ بغض ،حسد اورظلم کے راستہ پر چلنے لگتا ہے۔

یہ دنیا امتحان کی دنیا ہے۔یہاں ہر آدمی کی آزمائش ہورہی ہے۔یہ آزمائش معمول کے حالات میں نہیں  ہوتی بلکہ غیرمعمولی حالات میں ہوتی ہے۔مگر عجیب بات ہے کہ آدمی عین اس وقت ناکام ہوجاتا ہے جب کہ اس کو سب سے زیادہ کامیابی کا ثبوت دینا چاہیے۔

لوگ باتوں میں حق پرستی کا ثبوت دے رہے ہیں  حالانکہ حق پرستی وہ ہے جس کا ثبوت عمل سے دیا جائے۔لوگ دوستی کے وقت خوش اخلاق بنے رہتے ہیں  حالانکہ خوش اخلاق وہ ہے جو بگاڑ کے وقت خوش اخلاق ثابت ہو۔لوگ خدا کے سامنے تواضع کی رسم ادا کر کے مطمئن ہیں  حالانکہ کسی کا متواضع ہونا یہ ہے کہ وہ بندوں کے ساتھ معاملہ کرنے میں تواضع پر قائم رہے۔

چٹان کی مٹی پر کی جانے والی کھیتی نمائشی ہے۔ایسی کھیتی کسی کسان کے کچھ کام آنے والی نہیں ۔سیلاب کا ایک ہی ریلا اس کو جھوٹی کھیتی ثابت کردیتا ہے۔اسی طرح نمائشی حق پرستی بھی جھوٹی حق پرستی ہے جس کو قیامت کا سیلاب اس طرح باطل ثابت کردے گا کہ وہاں اس کے لیے کچھ نہ ہوگا جو اس کا سہارابنے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom