ثواب

جن لوگوں کو اللہ نے پیسہ دیا ہے وہ عام طور ایسا کرتے ہیں  کہ اپنے ملازموں اورماتحت کارکنوں کی تو صرف واجبی تنخواہ یا اجرت دیتے ہیں ۔دوسری طرف کانفرنس یاریلیف فنڈ یا مشہور اداروں کو بڑی بڑی رقمیں دے کر خوش ہوتے ہیں ۔اگر ان سے پوچھئے کہ آپ ایسا کیوں کرتے ہیں  تو وہ کہیں  گے کہ ملازم یا کارکن کو جو رقم دی جاتی ہے تو وہ ان کے کام کی اجرت ہوتی ہے۔اس پر ہم کو ثواب نہیں  ملے گا۔انھوں نے ہماری خدمت کی اورہم نے ان کو معاوضہ دے دیا۔اس پر ثواب کیسا۔یہ تو دونوں طرف سے معاملہ برابر ہوگیا۔اس کے برعکس اداروں اورملی کاموں میں رقم دی جاتی ہے ان کے متعلق یقینی ہے کہ ان پر ثواب ملے گا۔

مگر اس کی تہہ میں اصل بات کچھ اور ہے یہ جواب محض اصل بات پر پردہ ڈالنے کی ایک کوشش ہے۔اصل یہ ہے کہ ہر آدمی کے دل میں چھپی خواہش موجود ہے کہ وہ جو کچھ دے اس کا معاوضہ اس کو اسی دنیا میںملے۔غریب آدمی یہ معاوضہ پیسہ کی صورت میں چاہتا ہے۔مگر جن لوگوں کے پاس کافی پیسہ آجاتا ہے ان کو جس معاوضہ کی تمنا ہوتی ہے وہ سماجی حیثیت (social status)ہے۔یہی وہ چھپی ہوئی خواہش ہے جو اس قسم کے لوگوں کے انفاق کا رخ بڑی بڑی قابل ذکر مدوں کی طرف کردیتی ہے۔

ظاہر ہے کہ غریب ملازم یا کارکن یہ معاوضہ دینے کی طاقت نہیں  رکھتا۔اس کے پاس نہ اخبار ہوتا ہے نہ اسٹیج۔اس کے پاس اونچی بلڈنگوں والے ادارے ہیں  اورنہ استقبال کرنے والا حلقہ۔مگر ایک شخص جب کسی مشہور ادارہ یاکسی ’’عظیم الشان‘‘ملی مہم میں رقم دیتا ہے تو اس کو امید رہتی ہے کہ اس کو شان دار معاوضہ ملے گا۔جلسوں کی صدارت ، عوامی مواقع پر نمایاں نشست ،اداروں میں پر زوراستقبال ،سماجی حیثیت میں اضافہ ، اخباروں میںنام چھپنا اوربڑے بڑے لوگوں کی صف میں جگہ ملنا ،وغیرہ۔

ثواب کا تعلق نیت سے ہے نہ کہ قابل تذکرہ مدوںسے۔ثواب حقیقتہً اس عمل میں ہے جو صرف اللہ کی رضا کے لیے کیا گیا ہو۔ثواب یہ ہے کہ اللہ کی خاطر ایسی مدوں میں دیا جا ئے جو لوگوں کو دکھائی نہیں  دیتیں۔ان مواقع پر خرچ کیا جائے جہاں ہر قسم کے دوسرے محرکات حذف ہوجاتے ہیں ۔جس انفاق کافائدہ اسی دنیا میں وصول کرلیا گیا ہواس کا فائدہ کسی کو آخرت میں ملے گاتو کیوں ملے گا۔

لوگ دکھائی دینے والے مقامات پر انفاق کررہے ہیں  حالاں کہ خداان کے انفاق کو قبول کرنے کے لیے اس مقام پر کھڑاہواہے جو ظاہر پرست انسانوں کودکھائی نہیں  دیتا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom