دو قسم کی روحیں

قرآن کی سورہ الشمس میں ارشاد ہواہے:قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا ۔ وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسَّاهَا (91:9-10)۔یعنی،وہ شخص کامیاب رہا جس نے اپنے آپ کوپاک کیااوروہ شخص برباد ہوگیا جس نے اپنے آپ کو گنداکیا۔موجودہ زندگی آخرت سے پہلے کاایک امتحانی موقع ہے۔جو شخص یہاں سے نیک اورستھری روح لے کر آخرت کی دنیا میں پہنچے گاوہ وہاں جنت کی پر مسرت فضائوں میں بسایا جائے گااورجو شخص یہاں سے برائیوں میں لپٹی ہوئی روح لے کر آخرت کی دنیا میں جائے گااس کو وہاں جہنم کے پُر عذاب ماحول میں دھکیل دیاجائے گا۔

موجودہ دنیا گویا خدا کی نرسری ہے۔نرسری میں مختلف قسم کے پودے اگائے جاتے ہیں ۔زمین میں روئیدگی کی قوت بہت زیادہ ہے۔چنانچہ یہاں طرح طرح کے پودے اگ آتے ہیں ۔مالی ان سب کی جانچ کرتا ہے۔جو پودے غیر مطلوب پودے ہیں  ان کو وہ کاٹ کر پھینک دیتا ہے۔اور جو پودے اس کے مطلوب پودے ہیں  ان کو اہتمام سے نکال کرلے جایا جاتا ہے تاکہ کسی باغ میں ان کو پھلنے پھولنے کے لیے نصب کردیاجائے۔

موجودہ دنیا میں آدمی کے لیے بیک وقت دونوں مواقع کھلے ہوئے ہیں ۔وہ چاہے تو اپنی روح کو پاک کرے اورچاہے تو گندا کرتا رہے۔کوئی وہ شخص ہے جو اللہ کی بڑائی کو مان کراس کے آگے اپنے آپ کو جھکادیتا ہے۔اس کے سامنے جب کوئی حق آتا ہے تو وہ بے جھجھک اس کا اعتراف کرلیتا ہے۔لوگوں سے معاملہ کرتے ہوئے وہ ہمیشہ خیر خواہی اور انصاف کا طریقہ اختیار کرتا ہے۔دوستی ہو یا دشمنی ہر حال میں وہ خدا کی مرضی پر چلتا ہے نہ کہ اپنے نفس کی مرضی پر۔یہ وہ شخص ہے جس نے اپنی روح کو پاک کیا۔اس کو اس کا خدا جنت کی پُربہار دنیا میں بسائے گا۔

دوسراآدمی وہ ہے جو خود اپنی لڑائی میں گم رہتا ہے۔اس کے سامنے حق آتا ہے تو وہ اس کو ماننے کے لیے تیار نہیں  ہوتا۔معاملات میں وہ سرکشی اور بے انصافی کا طریقہ اختیار کرتا ہے۔وہ اپنی مرضی پر چلتا ہے نہ کہ خدا کی مرضی پر۔یہی وہ آدمی ہے جس نے اپنی روح کو گندا کیا۔کائنات کا مالک اس کو اپنے پڑوس کے لیے قبول نہیں  کرے گا۔وہ اس کو جہنم میں دھکیل دے گا تاکہ وہ ابدی طورپر اپنے جرم کی سزابھگتتا رہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom