یہ سونے والے

حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:میں نے نہیں  دیکھا کہ جہنم جیسی چیز سے بھاگنے والا سوگیا ہو اورمیں نے نہیں  دیکھا کہ جنت جیسی چیز کو چاہنے والا سوگیا ہو:مَا رَأَيْتُ مِثْلَ النَّارِ نَامَ هَارِبُهَا، وَلاَ مِثْلَ الجَنَّةِ نَامَ طَالِبُهَا (سنن الترمذی، حدیث نمبر 2601)۔

جہنم کا عذاب کتنا ہولناک ہے۔مگر آدمی اس سے غافل ہے۔جنت کی نعمتیں کتنی لذیز ہیں  مگر آدمی کواس کا کوئی شوق نہیں یقینا یہ زمین پر ہونے والے تمام واقعات میں سب سے زیادہ عجیب ہے۔

لوگ سورہے ہیں  تاکہ اس وقت جاگیں جب کہ جہنمی آگ کے شعلے ان کے لیے سونے کو ناممکن بنا دیں۔لوگ غافل ہیں  تاکہ اس وقت ہوشیار ہوں جب کہ محرومی اور رسوائی ان کے اوپر اس طرح ٹوٹ پڑے کہ ان کے لیے اس سے بھاگنے کا کوئی راستہ نہ ہو۔

آج ہر آدمی بے ہوش نظر آتا ہے۔ہر آدمی اپنے آپ میں اس طرح گم ہے جیسے اس کے اوپر کوئی اورطاقت نہیں ۔حالاں کہ موت ہر روز بتارہی ہے کہ آدمی ایک ایسی حقیقت سے دوچار رہے جس کے مقابلہ میں کسی کا کچھ بس نہیں  چلتا۔انسان کتنا زیادہ مجبور ہے مگر وہ اپنے آپ کو کتنا زیادہ بااختیار سمجھتا ہے۔

آدمی وعدہ کرتا ہے مگر اس کے بعد اس کو نظر انداز کردیتا ہے۔اس کے اوپر کسی کا ایک حق آتا ہے مگر وہ اس کو ادا نہیں  کرتا ہے۔آدمی کے سامنے ایک سچائی آتی ہے مگر وہ اس کا اعتراف نہیں کرتا۔وہ دوسرے کے اوپر یک طرفہ الزام لگاتا ہے اوراپنی غلطی ماننے کے لیے تیار نہیں  ہوتا۔وہ چھوٹوں کو نظر انداز کرکے بڑوں کا استقبال کرتا ہے۔وہ اپنی زندگی کو اصول کے تابع کرنے کے بجائے خواہشات کے تابع کرتا ہے۔وہ زور آور سے دبتا ہے اوربے زور کو ستاتا ہے۔وہ خدا کو مرکز توجہ بنانے کے بجائے خود اپنی ذات کو اپنا مرکز توجہ بناتا ہے۔وہ جنت کے اشتیاق اورجہنم کے اندیشوں میں جینے کے بجا ئے دنیا کے اشتیاق اور دنیا کے اندیشوں میں جیتاہے۔

آدمی یہ سب کچھ کرتا ہے اوربھول جاتا ہے کہ اپنی اس روش سے اپنے آپ کو جہنم کے قریب لے جارہا ہے اوراپنے آپ کو جنت کے لیے نااہل ثابت کررہا ہے۔

آہ! وہ انسان جس کو اسی چیز کا شوق نہیں  جس کا اسے سب سے زیادہ شوق ہونا چاہیے۔ آہ ! وہ انسان جو اسی چیز سے سب سے زیادہ بے خوف ہے جس سے اس کو سب سے زیادہ خوف کرناچاہیے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom