سب کچھ عجیب ہے

1957میں روس نے پہلا اسپٹنک (Sputnik) خلا میں بھیجا تھا۔امریکانے 12اپریل 1981کو پہلی خلائی بس (کولمبیا)دو آدمیوں کے ساتھ بھیجی۔وہ اس طرح بنائی گئی ہے کہ تقریباً سو بار خلائی سفر کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔

کولمبیاکا وزن 75ٹن ہے۔اس کے بنانے میں تقریباً دس ارب ڈالر خرچ ہوئے ہیں  اوروہ نو سال میں بن کر تیار ہوئی ہے۔کولمبیا اپنے دو مسافروں کو لے کرخلا میں روانہ ہوئی۔اس کی رفتا ر26ہزار میل فی گھنٹہ تھی۔وہ 54گھنٹہ خلا میں رہی۔اس نے زمیں کے گرد 36چکر لگاکر 10لاکھ میل طے کیے اورپھر14اپریل کوواپس آگئی۔واپسی کے وقت مخصوص راڈر اور راکٹوں کے ذریعہ اس کی رفتار کو گھٹا کر 345کیلو میٹر فی گھنٹہ کیا گیا۔ جب وہ ہوائی کرہ میں داخل ہوئی تو ہوا کی رگڑ سے گرم ہو کر سرخ اینٹ کی مانند ہوگئی۔اس وقت اس کا بیرونی درجہ حرارت11500درجہ سنٹی گریڈ تھا۔مگر کولمبیا کے بیرونی سمتوں میں ہر طرف گرمی روکنے والے ٹائل 31ہزار کی تعداد میں لگائے گئے تھے اس کی وجہ سے اس کے اندر کے دونوں مسافر محفوظ رہے۔

کولمبیا کو امریکاکی ریاست کیلی فورنیا کے صحرا میں ایک ہوائی میدان میں اتارا گیا۔وہ صرف10 سکنڈ کے فرق سے اپنے ٹھیک وقت پر اتر گئی۔تقریباً دو لاکھ آدمی اس کے اتر نے کا منظر دیکھنے کے لیے وہاں جمع تھے۔اس کے علاوہ مختلف ملکوں کے کروڑوں آدمیوں نے اس واقعہ کو ٹیلی ویژن پر دیکھا۔کیلی فورنیا کے صحرا میں20ٹرک اورکئی ہوائی جہاز اوردوسرے سامان موجود تھے تاکہ اترنے کے بعد وہ کولمبیا کی ہر ضرورت کو پورا کرسکیں۔کولمبیا راکٹ کی طرح عمودی شکل میں اوپر گئی۔وہ ایک تابع سیارہ کی طرح زمین کے گرد گھومی اورپھر گلائڈ ر(ہوائی جہاز )کی طرح زمین پر اتر آئی۔

کولمبیا کے دو مسافروں میں سے ایک مسٹرجان ینگ (1930-2018ء)تھے۔ان کی عمر اس وقت 50سال ہے۔ 54 گھنٹہ بے وزنی حالت میں رہنے کے بعد جب وہ اس حیران کن خلائی سفر سے واپس کیلی فورنیا پہنچے تو بے ساختہ ان کی زبان سے نکلا — کیسا عجیب ہے اس طرح سے کیلی فورنیا آنا:

What a way to come to California

مسٹرینگ خلائی سفر طے کر کے کولمبیا کے ذریعہ کیلی فورنیا میں اتر ے تو یہ بات ان کوبہت عجیب معلوم ہوئی۔مگر حقیقت یہ ہے کہ اس کائنات کی ہر چیز عجیب ہے۔کوئی سفر خواہ پیدل ہویا سواری کے ذریعہ ہو،اس میں اتنے بے شمار کائناتی اسباب شامل ہوتے ہیں  کہ آدمی ان کے بارے میں سوچے تومعمولی سفر بھی اس کو حیران کن معلوم ہو کہ وہ پکار اٹھے : میرااپنے پیروں سے چل کر ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنا بھی اتنا عجیب ہے جتنا کولمبیا کے ذریعہ خلائی سفر طے کرکے کیلی فورنیا کے صحرامیں اترنا۔عام آدمی صرف کسی انوکھے واقعہ کے عجوبہ کو دیکھ پاتا ہے ،عقلمند وہ ہے جو معمولی واقعات میں بھی خدائی عجوبہ کو دیکھ لے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom