زندگی کا اسیٹج

حیدرآباد کا واقعہ ہے 21ستمبر 1981کو مسٹر بی کے راماریڈی(90سال)اوران کی 80سالہ بیوی پھولا بائی رات کے وقت اپنے گھر واقع بنجارہ ہلز میں سو رہے تھے۔ان کے علاوہ ان کے گھر میں ا س وقت صرف ان کا ملازم رامیا(50سال )تھا۔رامیا نے عین نیند کی حالت میں کلہاڑی سے بوڑھے میاں بیوی پر حملہ کیا اورنہایت بے دردی کے ساتھ دونوں کو مار ڈالا۔اس کے بعد رامیا نے بکس سے تقریباً ایک لاکھ روپے کے ہیرے اور زیورات نکالے اوررات کی تاریکی میں گھر سے باہر نکل گیا۔

راستہ چلتے ہوئے وہ ایک ایسے مقام پر پہنچاجہان پولیس کے دو آدمی رات کی ڈیوٹی میں پہرہ دے رہے تھے۔ان کو شبہ ہو اچنانچہ انھوں نے رامیا کو پکڑ لیا۔پوچھ گچھ اور ڈرانے دھمکانے کے بعد اس نے اپنے جرم کا اقرار کرلیا اورچرایا ہوا مال پولیس کے حوالے کر دیا۔دونوں پولیس کے آدمیوں نے رامیا کو اوراس سے برآمدہ شدہ مال کو لے جاکر تھا نہ میں جمع کردیا۔ان کانام شیخ محبوب اورایس ایم رشید بتایا گیاہے۔

محکمہ پولیس کے افسران کے علم میں یہ واقعہ آیا تو وہ شیخ محبوب اورایس ایم رشید کی کارکردگی اوردیانت داری سے بہت خوش ہوئے اس کے بعد دونوں کو نقد انعامات دئے گئے اوراسی کے ساتھ دونوں کو ترقی بھی دے دی گئی۔شیخ محبوب کو اسٹیشن آفیسر کے عہدہ پر متعین کردیا گیا اورایس ایم رشید کو ہیڈ کانسٹیبل بنا دیاگیا۔

یہ ایک مثال ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح ایک واقعہ بیک وقت دو آدمیوں کے لیے دو معنی کا حامل ہوتا ہے۔ایک واقعہ پیش آتا ہے مگر اسی ایک واقعہ سے ایک شخص کو کریڈٹ دیا جاتا ہے اوردوسرے شخص کو ڈسکریڈٹ کیا جاتا ہے۔ایک شخص کو قاتل ثابت کرکے مجرم کے خانہ میں ڈال دیا جاتا ہے اوردوسرے شخص کو ایماندار اور فرض شناس ظاہر کر کے انعام کا مستحق بنا دیا جاتا ہے۔

دنیا میں جتنے واقعات پیش آتے ہیں  سب کی نوعیت یہی ہے۔یہاں کسی کے پاس کوئی اختیار نہیں ۔یہاں کوئی شخص کسی کو نہ فائدہ پہنچا سکتا اورنہ نقصان۔نہ کوئی کسی کو زندگی دے سکتا اورنہ موت۔تاہم یہ سارے واقعات یہاں ایک یا دوسرے کے ہاتھ سے پیش آتے ہیں ۔دنیا ایک قسم کا خدائی اسٹیج ہے۔یہاں مختلف حالات پیدا کرکے خدا ہر ایک کویہ موقع دیتا ہے کہ اس کے اندر جو کچھ ہے اس کو وہ علی الا علان ظاہر کر دے۔جو شخص مجرمانہ ذہن لیے ہوئے ہے وہ اپنے موافق حالات پاکر جرم کرے اورخدا کے قانون کے مطابق سزا کا مستحق ہو۔جو شخص اپنے اندر حق پرستی کا ذہن لیے ہوئے ہے وہ اپنے موافق حالات میں حق اورانصاف کامعاملہ کرے تاکہ وہ خدا کے یہاں انعام اورقدرافزائی کے لائق ٹھہرے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom