خدائی کارخانہ

سورج گویا قدرت کا ایک کارخانہ ہے جو مادہ کو روشنی میں تبدیل کرتا ہے۔گائے ایک زندہ کارخانہ ہے جس میں گھا س داخل ہوتی ہے اورگوشت اوردودھ میں تبدیل ہوجاتی ہے اسی طرح درخت قدرت کا ایک کارخانہ ہے جس میں مٹی اورپانی اورگیس داخل ہوتے ہیں  اور وہ پھول اورپھل میں تبدیل ہوجاتے ہیں ۔

یہ عمل جو سورج اوردرخت اورجانور میںکامیابی کے ساتھ ہورہا ہے ،یہی عمل انسان سے بھی اس کے خالق کو مطلوب ہے۔فرق یہ ہے کہ کائنات کی دوسری چیزوں میں تبدیلی کا عمل قانون قدرت کے تحت مجبورانہ طورپر انجام پاتاہے۔اورانسان میں تبدیلی کا یہ عمل خود انسان کے اپنے ارادہ کے تحت اختیارا نہ طورپر انجام دیاجاتا ہے۔دوسری چیزوں میں تبدیلی مادی اعتبار سے ہورہی ہے اورانسان کے اندر خدائی اعتبار سے۔

انسان سے اس کے پیداکرنے والے کو یہ مطلوب ہے کہ خارجی دنیا کے مشاہدات کو دلائل خداوندی میں تبدیل کرے۔جو چیز اس کے اندر صرف بطور ’’معلومات ‘‘داخل ہوئی تھی اس کو اپنے ذہن میں ’’معرفت ‘‘کی صورت دے سکے۔اس کو جب دنیا میں کوئی کامیابی حاصل ہوتو اس کووہ تمام تر خدا کے خانہ میں ڈال دے۔اس کو جب کوئی ناکامی ہوتو اس کے ذریعہ وہ عجز انسانی کی حقیقت کو دریافت کرے۔اس کو جب کسی سے شکایت ہوتو اس کا اندرونی نظام اس کو معافی اوردرگذرکی صورت میں تبدیل کردے۔وغیرہ

جو زمین اپنی مٹی کو درخت کی صورت میں تبدیل کرے اس کو زخیز زمین کہا جاتا ہے۔اورجو زمین اپنی مٹی کو درخت کی صورت میں تبدیل نہ کرسکے وہ بنجر زمین کہلاتی ہے۔یہی معاملہ انسانوں کا بھی ہے جو انسان اپنے اندرونی نظام کو اس طرح بیدار کرے کہ وہ خام چیزوں کو اعلیٰ چیزوں میں تبدیل کرنے لگے وہ مومن ہے جس انسان کا اندرونی کارخانہ ایسا کرنے میں ناکام رہے وہ کافر ہے۔

زرخیز زمین اوربنجر زمین میں جو فرق ہے وہی فرق مومن اورغیرمومن کے درمیان پایا جاتا ہے۔زرخیز زمین کے حصہ میں شادابی آتی ہے اوربنجر زمین صرف اجاڑ پڑی رہتی ہے۔اسی طرح مومن انسان کے لیے خداکے یہاں ہمیشہ کی جنت ہے اورغیر مومن انسان کے لیے خداکے یہاں ہمیشہ کی جہنم۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom