یہ بے قیمت انسان

آدمی زندگی چاہتا ہے مگر بہت جلد اس کو معلوم ہوتاہے کہ دنیا میں صرف موت ہے جو اس کا استقبال کرنے لیے کھڑی ہوئی ہے۔24جون کی شام کو ایک طرف شانتی ون میں سنجے گاندھی کا مردہ جسم جلایا جارہاتھا ،دوسری طرف وہاں کھڑے ہوئے ان کے ہزاروں معتقدین یہ نعرہ لگارہے تھے:

جب تک سورج چاند رہے، سنجے تیرا نام رہے

انسان ’’سورج چاند کے رہنے تک ‘‘زندہ رہنا چاہتا ہے مگر موت اس قدر بے رحمی کے ساتھ اس کو اس دنیا سے اٹھالیتی ہے جیسے اس کے نزدیک نہ انسان کی کوئی اہمیت ہے اورنہ اس کی خواہشوں کی۔

انسان اپنی عظمت کا قلعہ تعمیر کرتاہے مگر موت کا طوفان اس کو تنکوں کی طرح اڑاکر یہ سبق دیتا ہے کہ انسان کو اس دنیا میںکوئی قدرت حاصل نہیں ۔انسان کہتا ہے کہ میں اپنا مالک ہوں مگر تقدیر اس کو کچل کربتاتی ہے کہ تیرا مالک کوئی اور ہے۔انسان موجودہ دنیا میں اپنی آرزئووں کا با غ اگانا چاہتا ہے مگر موت اس کے منصوبہ کو مٹاکر یہ سبق دیتی ہے کہ اپنے لیے دوسری دنیا تلاش کروکیونکہ موجودہ دنیا میں تمہاری آرزئووں کی تکمیل نہیں ۔

زندگی کا سب سے بڑا سبق وہ ہے جو موت کے ذریعہ ملتا ہے۔موت ہماری زندگی کی سب سے بڑی معلم ہے۔موت ہر آدمی کو ایسے سوال کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے جس کے جواب میں زندگی کا تمام راز چھپا ہواہے۔موت ہم کو بتاتی ہے کہ موجودہ دنیا وہ مقام نہیں  جہاں ہم اپنی تمنائوں کو حاصل کرنے کی امید کرسکیں۔موت دراصل زندگی کا پیغام ہے۔موت ہم کو جینا سکھاتی ہے۔موت ہم کو بتاتی ہے کہ اپنی حقیقی زندگی کی تعمیر کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہیے۔

موت انسانی زندگی کا سب زیادہ عبرت ناک واقعہ ہے۔وہ آدمی کو آسمان میں اٹھا کر زمین پر گرادیتی ہے۔وہ آدمی کو زمین پر ختم کرکے اس کی راکھ کوہوا میں اڑادیتی ہے۔ موت کے سامنے ہر آدمی بالکل بے بس ہے،موت کے سامنے کسی بھی شخص کی کوئی قیمت نہیں ۔یہ واقعہ ہماری زمین پر روزانہ لاکھوں کی تعداد میں پیش آتا ہے۔مگر انسان غفلت کی ایسی شراب پئے ہوئے ہے کہ اس کے باوجود اس کی مد ہوشی ختم نہیں  ہوتی۔آدمی دوسرے کو مٹانے کا منصوبہ بناتا ہے حالاںکہ موت خود اس کو مٹانے کے لیے اس کے پیچھے کھڑی ہوئی ہے۔آدمی دوسرے کو برباد کرنے کی سازش کرتا ہے حالاں کہ اپنی سازش کی تکمیل سے پہلے وہ خود موت کا شکار ہوجاتا ہے۔آدمی دوسرے کا اعتراف نہیں  کرتا ،وہ سمجھتا ہے کہ اس طرح وہ اپنی بڑائی کا تحفظ کررہا ہے۔حالاں کہ اگلے ہی لمحہ موت آکر اس کی بڑائی کو خاک میں ملا دیتی ہے۔انسان ’’خدا ‘‘بننا چاہتا ہے مگر موت اس کو بتاتی ہے کہ وہ صرف ایک بے قیمت ’’آدمی‘‘ہے ‘اس کے سوا اورکچھ نہیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom