نہ ملے پر شکایت، ملے پر بے اعترافی

انسان کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ وہ شیطان کا پیرو بن جائے۔ شیطان کی پیروی کیاہے۔ شیطان کی پیروی ہے، ظلوم و کفار بن جانا(ابراہیم،14:34)۔ یعنی بہت زیادہ ظالم، اور بہت زیادہ ناشکرا۔شیطان کا واقعہ یہ ہے کہ اللہ نے شیطان کو پیدا کیا، اور اس کو غیر معمولی طاقت دی۔ لیکن شیطان نے اس عطیے (gift) کا اعتراف نہیں کیا۔ لیکن جب اللہ نے انسان کو پیدا کیا، اور اس کو زمین کا خلیفہ (incharge) بنا دیا، تو شیطان غصہ ہوگیا، اور ابدی طور پر اپنے خالق کا دشمن بن گیا۔ شیطان کی یہ صفت کیا ہے— نہ ملے پر شکایت، اور ملے پر بے اعترافی۔

یہ عادت بلاشبہ سب سے بری عادت ہے۔ اللہ رب العالمین کا ایک تخلیقی نظام (creation plan) ہے۔ اس کے تحت اس دنیا میں انسان کو کبھی کوئی چیز ملتی ہے، اور کبھی کوئی چیز نہیں ملتی ۔ اس نظام کے تحت یہ ناممکن ہے کہ انسان کو ہر چیز ملے، وہ کسی چیز سے محروم نہ رہے۔ ایسا ہونا فطرت کے قانون کے مطابق ناممکن ہے۔ انسان کو چاہیے کہ جب اس کو کوئی ملنے والی چیز ملے، تو و ہ اس پر شکر ادا کرے۔ اس کے برعکس، جب اس کو کوئی نہ ملنے والی چیز نہ ملے، تو وہ اس پر صبر کرے۔یہی ایک سچے انسان کا طریقہ ہے۔ یہی وہ انسان ہے، جو اللہ کے یہاں صابر اور شاکر قرار پائے گا، اور اس کو ابدی جنتوں میں داخلہ ملے گا۔

اس کے برعکس، جس کا حال یہ ہو کہ وہ ظلوم اور کفار بن جائے۔ یعنی جو چیز اس کو نہ ملے، اس پر وہ خوب شکایتیں کرے۔ اس کے برعکس، جو چیز اس کو ملی ہوئی ہے، اس سے وہ بے خبر رہے۔ اس کی زبان سے اس کا اعتراف نہ نکلے۔ وہ منفی چیز (negative item) کو تو خوب جانے، لیکن مثبت چیز (positive item) کے بارے میں وہ ایسا بنا رہے، جیسے کہ وہ اس کو جانتا ہی نہیں۔ اس کی زبان منفی باتوں پر خوب کھلی ہوئی ہو، لیکن مثبت باتوں پر اس کی زبان ہمیشہ بند رہے۔ ایسا انسان خالق کی نظر میں شیطان کا پیرو ہے۔ آخرت میں ایسے انسان کو شیطان کے پڑوس میں جگہ ملے گی۔ اس کو جنتیوں کے پڑوس میں جگہ ملنے والی نہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom