دو ملک ایک واقعہ

ہندستان کے شہر بھاگلپور میں24اکتوبر1990ءکو ہندومسلم فساد ہوا، جس کا سلسلہ کئی دن تک جاری رہا۔ اس میں مسلمانوں کا زبر دست جانی و مالی نقصان ہوا ۔ اس کے بارے میں بہت سی رپورٹیں اخبارات میں آچکی ہیں۔ بھاگل پور کے مولانا اکرام الدین قاسمی (پیدائش1938ء)نے ذاتی جائزہ کے بعد ایک مفصل رپورٹ شائع کی ہے، جو104 صفحات پر مشتمل ہے۔ اس رپورٹ کا عنوان ہے: بھاگلپور میں آگ اور خون کی ہولی ۔

 اس رپورٹ کے ٹائٹل پر ایک تصویر ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سات مسلمانوں کو بے دردی کے ساتھ جلایا اور قتل کیا گیا۔ اس تصویر کے نیچے لکھا ہوا ہے: بھاگلپور کے ایک خاندان کے سات افراد کی لاشیں ، جن میں ایک سال کا معصوم بچہ بھی شامل ہے ۔

 اب دوسری تصویر دیکھیے۔ پاکستان کے شہر کراچی میں 7فروری 1990ء کو مسلم- مسلم فساد ہوا ،جس کا سلسلہ کئی روز تک برابر جاری رہا۔ پاکستان کے مشہور اخبار نوائے وقت (8 فروری1990ء) کے صفحہ اول پر اس کی خبر نمایاں طور پر چھپی ہے۔ اس خبر کی سرخی یہ ہے : کراچی میں آگ اور خون کا کھیل ۔

 اس سلسلہ میں نوائے وقت (10 فروری1990ء ) کے صفحہ اول پر مزید یہ خبر درج ہے کہ کراچی میں پانچ افراد پیٹ چاک کرنے کے بعد زندہ جلا دیے گئے ۔ یہ المناک اور بہیمانہ واقعہ منگھو پیر روڈ پر ہوا۔ یہاں ایک جلی ہوئی سوزو کی وین سے پانچ مسخ شدہ لاشیں برآمد کی گئیں۔ ان پانچ افراد کو رسیوں کے ساتھ وین کے اندر باندھا گیا اور ان کا پیٹ پھاڑ کر زندہ جلا دیا گیا ۔

 جو لوگ’’بھاگلپور‘‘ کے واقعہ کو ہندو ظلم کے خانہ میں ڈالتے ہیں، وہ کراچی کے اسی قسم کے واقعہ کو کس کے ظلم کے خانہ میں ڈالیں گے ۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمیں ان دونوں واقعات کا کوئی مشترک سبب تلاش کرنا ہوگا۔یہ مشترک سبب صرف ایک ہے۔ اور وہ ہے عدمِ برداشت ۔

 زندگی ناخوش گوار واقعات کو خوش گواری کے ساتھ برداشت کرنے کا نام ہے۔ اگر آپ اس برداشت کے لیے تیار ہوں تو آپ اپنی زندگی میں کامیاب رہیں گے ۔ اور اگر آپ اس برداشت پر راضی نہ ہوں تو آپ ’’ آگ اور خون‘‘ کے حوالے کیے جائیں گے ، خواہ آپ مسلم ملک میں ہوں یا غیر مسلم ملک میں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom