27 دسمبر1985
سموئل گولڈوِن (Samuel Goldwyn, 1879-1974) امریکا کا مشہور فلم پروڈیوسر ہے۔ اس کی کمپنی پیرا ماؤنٹ پکچرس کا رپوریشن کو 1960 میں 13 کرور 10 لاکھ ڈالر سے بھی زیادہ کا منافع ہوا۔
1913 میں اس نے اپنے دوشریکوں کے ساتھ اپنی پہلی فلم اسکوا مین (The Squaw Man) بنائی تو اس کے پاس اپنے کارکنوںکو اجرت ادا کرنے کے لیے کافی رقم نہ تھی۔ سموئیل گولڈون اور اس کے ساتھیوں کو جب مالی کمی نے بہت زیادہ پریشان کیا تو انھوں نے طے کیا کہ ان کی فلم کے لیڈنگ ایکٹرڈسٹن فرنم (Dustin Farnum, 1874-1929) کو اس پر راضی کیا جائے کہ وہ اپنی ایکٹنگ کی اجرت لینے کے بجائے کمپنی میں حصہ دار بننے پر راضی ہوجائے۔
گولڈوِن یہ سوچ کر ڈسٹن فرنم کے پاس گیا۔ مگر جیسے ہی انھوں نے اپنی تجویزپیش کی ،اس نے فوراً مطالبہ کیا کہ پوری مدتِ عمل کے لیے میری تمام تنخواہ پیشگی ادا کردی جائے ورنہ میں اس کمپنی میں کام نہیں کروں گا۔ ایکٹر کی یہ رقم کل پانچ ہزار ڈالر ہوتی تھی، جو کہ کمپنی کے اُس وقت کے کل سرمایہ کا 25 فی صد تھی۔
اگر ڈسٹن فرنم کو معلوم ہوتا ہے کہ ’’پانچ ہزار ڈالر‘‘ کی قربانی اس کو ایک ایسے کاروباری ادارے میں 25 فی صد کے بقدر حصہ دار بنادے گی، جس کی آمدنی آدھی صدی کے بعد چودہ کرور ڈالر سالانہ ہوجائے گی تو یقیناً وہ اجرت مانگنے کے بجائے مذکورہ پیش کش کو بخوشی قبول کرلیتا — مگر انسان مستقبل کو نہیں جانتا، اس لیے وہ اتنے دور اندیشی کے فیصلے بھی نہیں کر سکتا۔