16 دسمبر 1985
رڈیارکپلنگ (Rudyard J. Kipling) مشہور انگریزی شاعر اور ناول نگارہے۔ وہ 1865 میں پیدا ہوا، اور 1936 میں اس کی وفات ہوئی۔
کپلنگ ان لوگوں میں تھا جو جدید مغربی تہذیب کو تاریخ کی آخری ارتقائی تہذیب سمجھتے تھے۔ کپلنگ کے نزدیک یورپ اور امریکا کے ترقی یافتہ سفید فام لوگوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ بقیہ دنیا کو تہذیب کی یہ نعمت پہنچائیں۔ نو آبادیاتی نظام اس کے نزدیک اسی کوشش کی ایک صورت تھی۔ اس کی ایک مشہور نظم ہے، جس میں اس نے اپنے اس نظریے کو سفید انسان کا بوجھ (White Man’s Burden) سے تعبیر کیا تھا:
Take up the White Man's burden
Send forth the best ye breed
Go bind your sons to exile
To serve your captives' need
جب بھی کوئی قوم ترقی کے درجہ پر پہنچتی ہے تو وہ دوسری اقوام پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے اسی قسم کے نظریات وضع کرتی ہے۔ میرے نزدیک مسلمانوں میں اسلامی خلافت کا تصور بھی اسی قسم کےذہن کی پیداوار ہے۔ یہ نظریہ کہ ’’انسان دنیا میں خدا کا خلیفہ ہے‘‘ قرآن و سنت میں کہیں مذکور نہیں، اور نہ صحابہ کے زمانے میں اس نظریےکا ثبوت ملتاہے۔ یہ نظریہ دراصل عباسی دور میں پیدا ہوا، اور اس کا تصور یہ تھا کہ ساری دنیا میں اپنا غلبہ قائم کرنے کے لیے فکری جواز فراہم کیا جائے۔
میرے نزدیک مسلمان خدا کے خلیفہ نہیں، بلکہ وہ خدا کے پیغام بر ہیں۔ انھیں اس تعلیم کو تمام انسانوں تک اس کی قابلِ فہم زبان (understandable language)میں پہنچانا ہے، جو قرآن وسنت کی صورت میں ان کے پاس محفوظ ہے۔