ہندوگروؤں کی مثال

موجودہ زمانے میں  ہندوؤں میں  کچھ ایسے افراد پیدا ہوئے، جن کے متعلق کہا گیا کہ وہ وقت کے پیغمبر ہیں، مگر یہ بات بھی خلاف واقعہ ہے۔ مثلاً دہلی کے نرنکاری بابا گُربچن سنگھ (وفات1980 ء) کے بارے میں  ایک پمفلٹ مجھے ملا، جس میں  نرنکاری بابا کو وقت کا پیغمبر (prophet of the time) لکھاگیا تھا۔ میں  اُن سے ان کے دہلی کے آشرم میں  ملا، میں  نے ان کی تقریر سنی اور ان سے گفتگو کی۔ لیکن معلوم ہوا کہ نرنکاری بابا کے کچھ معتقدین ان کے بارے میں  ایسا کہتے ہیں۔ لیکن خود نرنکاری بابا نے اپنی زبان سے یہ دعویٰ نہیں کیا  — میں  خدا کا پیغمبر ہوں۔

اِسی طرح کیرلا (تری وندرم) میں  ایک مشہور ہندو گرو تھے۔ اُن کا نام برہما شری کروناکرا (وفات1999ء) تھا۔ تری وندرم میں  ان کا ایک بڑا آشرم تھا، جس کا نام ’شانتی گری آشرم‘ ہے۔ اُن کے مشن کے کچھ لوگ مجھ سے دہلی میں  ملے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے بابا جی وقت کے پیغمبر ہیں۔ اِس کے بعد میں  نے خود کیرلا کا سفر کیا،اور تری وندرم میں  ان کے آشرم میں  ان سے ملا۔ میں  نے ان کے معتقدین سے پیشگی طور پر بتادیا تھا کہ میں  کس مقصد سے وہاں جارہا ہوں۔

میں  نے یہ سفر فروری 1999ء میں  کیا تھا۔ شانتی گری آشرم میں  پہنچ کر میں  اُن سے ملا۔ مجھے ایک خصوصی کمرے میں  لے جایا گیا، جہاں بابا جی کے ساتھ اُن کے تقریباً پچاس معتقدین موجود تھے۔ گفتگو کے دوران میں  نے بابا جی برہما شری کرونا کرا سے ایک سوال کیا۔ اس کا جواب انھوں نے  واضح لفظوں میں  دیا۔ وہ سوال وجواب یہ تھا:

Q. Do you calim that you are a prophet of God in the same sense in which Moses, and Jesus, and Muhammad claimed they were prophets of God.
A. No, I don’t make any such claim.

اِس گفتگو میں  میں  نے ڈائریکٹ طورپر ان سے پوچھا کہ کیا آپ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ آپ خدا کے پیغمبر ہیں۔ انھوں نے  صاف طورپر کہا کہ نہیں، میں  ایسا دعویٰ نہیں کرتا۔ جب انھوں نے اِس طرح کہہ دیا تو اُس کے بعد میرا سوال و جواب ختم ہوگیا۔ اُس کے بعد میں  خاموشی کے ساتھ بیٹھ کر اُن کی باتیں سنتا رہا اور پھر چلا آیا۔ اِس سفر میں  شانتی گری آشرم میں  میں  نے دو دن قیام کیا۔

کیا وجہ ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد پوری تاریخ میں  کوئی ایسا شخص نہیں اٹھا جو اپنی زبان سے یہ دعویٰ کرے کہ میں  خدا کا پیغمبر ہوں۔ اِس پرغور کرتے ہوئے میری سمجھ میں  یہ بات آتی ہے کہ ایسا کلام اتنا زیادہ غیر معمولی ہے کہ کوئی غیر پیغمبر اس کو اپنی زبان سے ادا نہیں کرسکتا۔ جس طرح خدا کے سوا کوئی اور شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں  خدائے ربّ العالمین ہوں، اِسی طرح کوئی شخص یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ میں  خدا کا بھیجا ہوا پیغمبر (Prophet of God)ہوں۔ پیغمبری کا دعویٰ صرف کوئی سچا پیغمبر ہی کرسکتا ہے۔ کوئی غیر پیغمبر شخص دوسرے دوسرے الفاظ بول سکتا ہے، لیکن وہ یہ نہیں کہہ سکتا— میں  خدا وند ِ عالم کا بھیجا ہوا پیغمبر ہوں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom