پہچان

اورنگ زیب عالم گیر کا واقعہ ہے۔ ایک مرتبہ انہوں نے کسی امام کے پیچھے نماز پڑھی۔ امام نے بھول کر پہلی رکعت میں قل اعوذ برب الناس پڑھ دی۔ قل اعوذبرب الناس قرآن کی آخری سورۃ ہے، اور نماز کے لیے حکم ہے کہ اگلی رکعت میں آگے کی سورۃ پڑھی جائے ، نہ کہ پیچھے کی سورۃ۔

اب امام صاحب کے سامنے سوال یہ تھا کہ اگلی رکعت میں وہ قرآن سے کیا پڑھیں۔ امام صاحب جب اگلی رکعت میں کھڑے ہوئے تو انہوں نے سورہ الم کا ابتدائی حصہ پڑھا۔ اس طرح قرآن کی ترتیب باقی رہی۔ کیوں کہ آدمی جب قرآن کو پڑھتے ہوئے سورہ قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِتک پہنچتا ہے تو وہ دوبارہ قرآن کے ابتدائی حصہ سے پڑھنا شروع کرتا ہے۔

اورنگ زیب عالمگیر امام صاحب کی ذہانت سے بہت خوش ہوئے۔ نماز کے بعد ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اور ان کا عہدہ بڑھا دیا۔

 بعض مرتبہ ایک چھوٹا سا واقعہ آدمی کی شخصیت کا تعارف بن جاتا ہے ۔ وہ بتا دیتا ہے کہ آدمی غبی ہے یا ذہین۔ وہ جوہر والا ہے یا بے جوہر والا۔

 اسی سے اس حدیث کو سمجھا جا سکتا ہے جس میں ارشاد ہوا ہے کہ بعض اوقات آدمی کا چھوٹا سا عمل اس کے لیے بڑے بڑے انجام کا سبب بن جاتا ہے۔ امام بخاری کی روایت کے مطابق اس حدیث کے الفاظ یہ ہیں:

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ،عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ:إِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ رِضْوَانِ اللهِ، لَا يُلْقِي لَهَا بَالًا، يرفع اللهُ بِهَا دَرَجَاتٍ، وَإِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ سَخَطِ اللهِ، لَا يُلْقِي لَهَا بَالًا، ‌يَهْوِي ‌بِهَا ‌فِي ‌جَهَنَّمَ (صحیح البخاری،حدیث نمبر6113)۔ یعنی، حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بندہ اللہ کی رضا کا کلمہ کہتا ہے۔ وہ اس کو کوئی اہمیت نہیں دیتامگر اللہ اس کی وجہ سے اس کے درجات بلند کر دیتا ہے۔ اور بندہ اللہ کی ناراضگی کا ایک کلمہ کہتا ہے۔ وہ اس کو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور اس کی وجہ سے اللہ اس کو جہنم میں ڈال دیتا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion