اکابرِ قوم

قدیم مکہ کے لوگوں نے محمد بن عبداللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کو اس سے کم سمجھا کہ خدا انہیں اپنے پیغام کی پیغمبری کے لیے چنے۔ چنانچہ انہوں نے آپ کو پیغمبر ماننے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا کلام اگر اترنا تھا تو وہ مکہ یا طائف کے کسی بڑے آدمی پر کیوں نہیں اترا — وَقالُوا لَوْلا نُزِّلَ هذَا الْقُرْآنُ عَلى رَجُلٍ مِنَ الْقَرْيَتَيْنِ عَظِيمٍ (43:30)۔

دو بڑے آدمیوں سے ان کی مراد مکہ کے ولید بن مغیرہ اور طائف کے عروہ بن مسعودثقفی سے تھی(تفسير ابن كثير ،جلد7، صفحہ 207) ۔

 تاریخ کی کتابوں میں آتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح مکہ کے بعد طائف کا محاصرہ کیا۔ مگر محاصرہ فیصلہ کن ثابت نہ ہو سکا۔ چنانچہ آپ محاصرہ ختم کر کے مدینہ کی طرف روانہ ہو گئے۔ اس وقت مذکورہ عروہ بن مسعود کے دل میں اللہ تعالیٰ نے اسلام کی حقیقت ڈال دی۔ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے روانہ ہوئے۔ یہاں تک کہ مدینہ پہنچنے سے پہلے آپ سے جا ملے۔ انہوں نے اسلام قبول کر لیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بات کی اجازت مانگی کہ وہ اپنی قوم میں واپس جائیں اور ان کے سامنے اسلام کی دعوت پیش کریں۔ آپ نے فرمایا کہ وہ تم سے جنگ کریں گے۔ عروہ نے کہا کہ اے خدا کے رسول میں ان کا سردار ہوں اور وہ مجھ کو اپنی آنکھ سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں—  إِنَّا أَحَبُّ إِلَيْهِمْ مِنْ أَبْصَارِهِمْ وَكَانَ مُطَاعًا فِيهِمْ (سیرت ابن ہشام، جلد2، صفحہ 537)۔ چنانچہ وہ طائف واپس آئے۔ انہوں نے طائف والوں کو جمع کیا اور ایک اونچے مقام پرکھڑے ہو کر اپنے اسلام کا اعلان کیا اور لوگوں کو اسلام کی طرف بلایا۔ اس کے جواب میں لوگوں نے یہ کیا کہ ہر طرف سے ان کو تیروں سے مارنا شروع کیا۔ یہاں تک کہ ایک تیر ان کے نازک مقام پر لگا اور وہ ہلاک ہو گئے (مکاتیب الرسول، تالیف علی بن حسین علی الاحمدی، جلد 3، صفحہ 69)۔

قوم کے اکابر دراصل قوم کا ساتھ دینے کی وجہ سے اکابر بنتے ہیں۔ اگر وہ قوم کی خواہشوں کا ساتھ نہ دیں تو قوم انہیں رد کر دے بلکہ وہ انہیں ہلاک کر ڈالے۔ عروہ بن مسعود حق کا ساتھ دینے سے پہلے اکابر کا درجہ رکھتے تھے، حق کا ساتھ دیتے ہی وہ اصاغر میں شمار کیے جانے لگے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion