مردہ لوگ

دینی دعوت کاکام کرنے کے دو میدان ہیں۔ ایک ہے بنو اسرائیل جیسے لوگوں میں کام کرنا، جس کا ایک نمونہ سیدنا حضرت مسیح علیہ السلام کی زندگی میں دیکھا جاسکتا ہے۔ اور دوسرا ہے بنو اسماعیل جیسے لوگوں میں کام کرنا، جس کی روشن مثال پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں نظر آتی ہے۔

بنو اسرائیل(یہود)نے حضرت مسیح کی بدترین مخالفت کی۔ انتہائی کھلے ہوئے معجزات اور انتہائی طاقتوردلائل کے باوجود انہوں نے حضرت مسیح کا اقرار نہیں کیا۔ اپنی تمام ممکن تدبیروں سے وہ حضرت مسیح کے مشن کو ناکام بنانے کی کوشش کرتے رہے۔ جب انہیں اس میں کامیابی نہیں ہوئی تو انہوں نے آخری مرحلہ میں کمینہ پن کا طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے حضرت مسیح پر جھوٹے الزام لگائے۔ حضرت مسیح کے الفاظ میں وہ ’’ابن آدم کو رومی عدالت میں لے گئے‘‘۔ وہ خود حضرت مسیح کو قتل نہیں کر سکتے تھے۔ چنانچہ انہوں نے یہ منصوبہ بنایا کہ آپ پر جھوٹے الزامات لگا کر رومی حکمرانوں کے ذریعہ آپ کو ہلاک کریں۔ اس معاملہ میں ظلم اور کمینہ پن کی جتنی صورتیں ان کے بس میں تھیں وہ سب انہوں نے آخری حد تک کر ڈالیں۔ تاہم اللہ تعالیٰ نے اپنی خصوصی تدبیر سے آپ کو بچا لیا۔

 بنو اسرائیل (یہود) اس وقت ایک انتہائی بے جان قوم بن چکے تھے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پوری قوم میں چند افراد سے زیادہ آپ کا ساتھ دینے والے نہ نکل سکے ۔ پیغمبرانہ مشن کا ساتھ دینے کے لیے ضرورت ہوتی ہے کہ آدمی کے اندر اعلیٰ انسانیت زندہ ہو۔ وہ برتر مقصد کی خاطر جینے اور مرنے کا حوصلہ کر سکے ۔ مگر مردہ قوم اس صلاحیت سے بالکل خالی ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بنو اسرائیل کی بھیڑ میں سے چند افراد بھی نہیں نکلے جو حضرت مسیح کے پیغمبرانہ مشن کے حامل بن سکیں۔ انجیل بتاتی ہے کہ یہود میں سے جو لوگ حضرت مسیح کا ساتھ دینے والے نکلے ان میں سے خاص لوگوں کی تعداد بارہ تھی۔ یہودیوں کی سازش کے تحت جب رومی سپاہیوںنے آپ کو پکڑنا چاہا تو انجیل کے الفاظ میں ’’سب شاگرد اسے چھوڑ کر بھاگ گئے۔‘‘ (متی، باب 26)۔ دوسری جگہ انجیل میں ہے اس پر سب شاگرد اسے چھوڑ کر بھاگ گئے۔ مگر ایک جوان اپنے ننگے بدن پر مہین چادر اوڑھے ہوئے اس کے پیچھے ہو لیا۔ اسے لوگوں نے پکڑا مگر وہ چادر چھوڑ کر ننگا بھاگ گیا‘‘ (مرقس ، باب 14) ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion