محل سے کھنڈر

اندلس کے مسلم حکمرانوں میں سلطان عبدالرحمٰن ثالث بہت مشہور ہے۔ وہ 300ھ میں تخت سلطنت پر بیٹھا اور 350ھ میں بہتر سال کی عمر میں وفات پائی۔ اس کی ایک عیسائی بیوی تھی جس کا نام زہرا تھا۔ سلطان نے اپنی اس بیوی کے نام پر قرطبہ کے کنارے ایک شاندار محل تعمیر کیا اور اس کانام الزہراء رکھا۔ چار میل لمبا اورتین میل چوڑا یہ محل اتنا بڑا تھاکہ اس کو قصر الزہراء کے بجائے مدینۃ الزہراء کہنے لگے۔ اس محل کی تعمیر 325ھ میں شروع ہوئی اور پچیس سال میں 350ھ میں مکمل ہوئی۔ المقری نے اس محل کی جو تفصیلات لکھی ہیں اس کے لحاظ سے یہ محل الف لیلہ کا کوئی طلسماتی شہر معلوم ہوتا ہے۔

اس محل کے بنانے پر دس ہزار معمار، چار ہزار اونٹ اور خچر روزانہ کام کرتے تھے۔ اس میں 4316 برج اور ستون تھے۔ سنگ مرمر اور دوسرے بہت سے قیمتی سامان فرانس، ترکی، یونان، شام اور افریقہ کے ملکوں کے بادشاہوں نے بطور تحفہ دیے تھے۔ اس کی چھتوں میں سونے چاندی کا کام اس کثرت سے کیا گیا تھاکہ دیکھنے والوں کی آنکھ چمکتی تھی۔ اس محل کے انتظام اور نگرانی کے لیے 13750 ملازم مقرر تھے۔ اس کے علاوہ 13382 غلام تھے۔ حرم سرا کے اندر چھ ہزار عورتیں خدمت گزاری کے لیے حاضر رہا کرتی تھیں۔ سارا قصر باغات اور فواروں سے گلزار رہتا تھا۔ یورپ اور دوسرے ملکوں کے سیاح کثرت سے اس کو دیکھنے کے لیے آتے رہتے تھے۔

مگر اس عظیم الشان محل کاانجام کیا ہوا۔ 25 سال میں موجودہ معیار سے ایک کھرب روپیہ سے بھی زیادہ میں بننے والا محل صرف پچاس سال میں ختم ہو گیا۔ اندلس کے مسلم حکمرانوں کے باہمی اختلافات کی وجہ سے عیسائیوں نے ان کے اوپر قابو پا لیا اور ان کو شکست دے کر ان کے نام و نشان تک کو مٹاڈالا، قرطبہ کاالزہراء کھنڈر بنا دیا گیا۔ اس کے بعد اس پر زمانہ کی گرد پڑتی رہی۔ یہاں تک کہ وہ نظروں سے غائب ہو گیا۔ موجودہ زمانہ میں اس مقام کی کھدائی کی گئی ہے۔ مگر کھدائی کرنے والوںکو وہاں ٹوٹی ہوئی نالیوں کے سوا اور کچھ نہیں ملا۔

دنیا میں عیش و آرام کے نشانات کو مٹا کر خدا دکھاتا ہے کہ اس کی نظر میں یہاں کے عیش و آرام کی کوئی قیمت نہیں، مگر کوئی آدمی اس سے سبق نہیں لیتا۔ ہر بعد والا عین اسی مقام پر اپنا عیش خانہ بنانے میں مصروف ہو جاتا ہے، جہاں اس کے پیش رو کا عیش خانہ برباد ہوا تھا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion