عہدہ نہ ملنے پر

امام شافعی 198ھ میں مصر آئے اور وہاں چار سال قیام کیا۔ اس زمانہ میں جو لوگ ان کے شاگرد ہوئے ان میں یوسف بن یحیٰ بویطی اور ابن عبدالحکم بھی تھے۔ امام شافعی کے انتقال کے بعد جب یوسف بن یحیٰ بویطی نے امام شافعی کی مسند پر بیٹھنا چاہا تو ابن عبدالحکم نے دعویٰ کر دیا کہ اس مسند کا زیادہ حق دار میں ہوں۔

اس وقت مصر میں امام شافعی کے مکی شاگرد امام حُمیدی موجود تھے۔ انہوں نے بویطی کے حق میں فیصلہ دیا۔ امام حمیدی نے کہا:امام شافعی نے مجھ سے کہا تھا کہ میری مجلس کا حق دار بویطی سے زیادہ کوئی نہیں اور نہ میرے ساتھیوں میں بویطی سے زیادہ کوئی صاحب علم ہے۔ ابن عبدالحکم نے یہ سن کر امام حمیدی سے کہا کہ تم جھوٹ کہتے ہو۔ امام حمیدی نے جواب دیا:جھوٹ بات تم نے کہی، تمہارے باپ نے کہی، تمہاری ماں نے کہی :كَذَبْتَ ‌أَنْتَ ‌وَأَبُوكَ وَأُمُّكَ۔

ابن عبدالحکم اس بات پر سخت ناراض ہوئے۔ وہ اس سے پہلے اپنے باپ کے مسلک کے مطابق مالکی مسلک رکھتے تھے۔ پھر شافعی مسلک اختیار کر لیا تھا۔ اس واقعہ کا اثر ان کے اوپر اتنا زیادہ ہوا کہ انہوں نے شافعی مسلک چھوڑ دیا اور دوبارہ مالکی مسلک اختیار کر لیا (طبقات الشافعیۃ الکبریٰ للسبکی، جلد 2، صفحہ69)۔

ابن عبدالحکم یہ چاہتے تھے کہ شافعی مسلک کی مسند درس پر بیٹھیں۔ مگر جب ان کو درس کی مسند نہ ملی تو انہوں نے خود اپنے لیے بھی اس مسلک کو پسند نہ کیا جس کے لیے وہ دوسروں کے سامنے نمائندہ بننے پر اصرار کر رہے تھے۔ یہی اکثر لوگوں کا حال ہے۔ وہ اسلام یا کسی ادارہ کے حامی بن کرکھڑے ہوتے ہیں۔ مگر حقیقتاً ان کی ساری دل چسپی اس اسلام یا اس اسلامی ادارہ سے ہوتی ہے جو انہیں ایک شان دار اسٹیج پر بیٹھنے کا موقع دے، جو ان کے لیے عوام کے درمیان ایک امتیازی مسند فراہم کر رہا ہو۔ اگر شاندار اسٹیج نہ ملے تو ایسے اسلام کی خدمت کرنے سے انہیں کوئی دلچسپی نہ ہو گی۔ ایک شخص صدارت کی کرسی سے یہ تقریر کرتا کرتا ہوا سنائی دے گا کہ اس عظیم مقصد کے لیے چپراسی کی حیثیت سے خدمت کرنا بھی میں اپنے لیے فخر سمجھتا ہوں ۔ لیکن ا گر وہ اپنے کو صدارت کی کرسی پر بیٹھا ہوا نہ پائے تو اس وقت اس مقصد کے میدان میں اس کے لیے کرنے کا کوئی کام نہ ہو گا۔ اسلام کی صدارت کرنے کے لیے ہر آدمی بے قرار ہے مگر اسلام کی خدمت کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion