عبرت ناک

قاضی نذرالاسلام بنگلہ زبان کے مشہور شاعر تھے۔ ٹیگور (1941-1861ء) کو جب نوبل انعام ملا تو نذرالسلام نے ان کو مبارک باد کا خط بھیجا۔ اس کے جواب میں ٹیگور نے جو خط لکھا تھا وہ ٹیگور کے مجموعہ مکاتیب میں شامل ہے۔ اس میں ٹیگور نے نذرالاسلام کو لکھا: نوبل انعام کے اصل مستحق تم تھے، میں نہیں۔

 نذرالاسلام نہایت پرجوش انقلابی شاعر تھے۔ وہ آزادی کی حمایت میں اور انگریزی استعمار کے خلاف شعلہ بازنظمیں لکھا کرتے تھے۔ اس سے نوجوانوں میں آزادی کے جذبات بھڑکتے تھے۔ چنانچہ انگریزی حکومت نے نذرالاسلام کو گرفتار کر کے رانچی کے جیل میں قید کر دیا۔ وہاں ان کو جس کمرہ میں رکھا گیا وہ قلم، سیاہی اور کاغذ جیسی چیزوں سے بالکل خالی تھا۔ ان کے لیے بظاہر ناممکن بنا دیا گیا کہ وہ کچھ لکھ سکیں۔

قاضی نذرالاسلام کے دماغ میں آزادی کے ترانے ابلتے تھے مگر وہ اپنے قید کے کمرہ میں کوئی ایسی چیز نہیں پاتے تھے جس سے وہ ان کو لکھ سکیں۔ بالآخر انہوں نے یہ کیا کہ شیو بنانے کے بلیڈ سے اپنی انگلی کو زخمی کیا جس کے نتیجہ میں انگلی سے خون جاری ہوگیا۔ اب انہوں نے اپنی انگلی کو قلم بنایا اور خون کو روشنائی اور پھر جیل کی دیواروں پر آزادی کے اشعار لکھ ڈالے۔

غالباً یہی واقعہ ہے جس کے بارے میں فیض احمد فیض نے اپنا شعر کہا:

متاع لوح و قلم چھن گئی تو کیا غم ہے   خونِ دل میں ڈبولی ہیں انگلیاں میں نے

موجودہ زمانہ میں مسلمانوں نے زبردست قربانیاں دی ہیں۔ مگر یہ تمام قربانیاں حقیقتاً قوم اور وطن اور سیاست کی راہ میں تھیں۔ اپنے سیاسی جذبات کے اظہار کے لیے انہوں نے اپنے خون کو روشنائی بنا ڈالا۔ اور قومی مقاصد کے حصول کے لیے انہوں نے اپنے جان و مال کو لٹا دیا۔ مگر پوری جدید تاریخ میں کوئی بھی قابل ذکر شخص نہیں ملتا جس نے دعوت کی راہ میں اپنے آپ کو ہلکان کیا ہو۔

مسلمان کا اصل مقصد اقوام عالم تک خدا کے پیغام کو پہنچانا ہے۔ مگر یہی وہ کام ہے جس کو موجودہ زمانہ میں مسلمانوں نے سب سے زیادہ چھوڑ رکھا ہے۔ وہ سب کچھ کرتے ہیں مگر اسی ایک کام کو نہیں کرتے۔ اس معاملہ میں ان کی بے شعوری کا یہ حال ہے کہ وہ دوسرے دوسرے کاموں میں مشغول ہوتے ہیں اور ان کو ’’دعوت‘‘ کا نام دیدیتے ہیں۔ یہی واحد سب سے بڑی کوتاہی ہے جس کی بنا پر مسلمان موجودہ زمانہ میں خدا کی نصرت کے مستحق نہ ہو سکے ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion